پاکستان

عامر لیاقت کو مداحوں سے بچھڑے دو سال بیت گئے

دوسری برسی پر بشریٰ اقبال کا دلخراش نوٹ وائرل

Web Desk

عامر لیاقت کو مداحوں سے بچھڑے دو سال بیت گئے

دوسری برسی پر بشریٰ اقبال کا دلخراش نوٹ وائرل

دوسری برسی پر بشریٰ اقبال کا دلخراش نوٹ وائرل
دوسری برسی پر بشریٰ اقبال کا دلخراش نوٹ وائرل

نامور سیاست دان، براڈ کاسٹر، شاعر اور مذہبی شخصیت عامر لیاقت حسین کی دوسری برسی کے موقع پر پہلی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے انہیں خراج عقیدت پیش کردیا۔

آج بروز اتوار 9 جون کو عامر لیاقت کے مداح اور لاکھوں چاہنے والے انکی دوسری برسی منارہے ہیں اور اس موقع پر انہی زبردست خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مرحوم عامر لیاقت حسین کی پہلی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے عامر لیاقت کی  زندگی سے لے کر قبر تک کی جھلکیوں پر مبنی ایک تصویری ویڈیو شیئر کی اور ساتھ ہی روح کو جھنجھوڑ دینے والا طویل نوٹ بھی لکھا ۔

بشریٰ اقبال نے اشعار پیش کرتے ہوئے اپنے نوٹ کا آغاز کیا اور لکھا کہ،’ہم مہماں نہیں رونقِ محفل تھے،مدتوں یاد رکھو گے کہ کوئی آیا تھا’۔

عامر لیاقت کی دوسری برسی کے موقع پر انہوں نے لکھا کہ،’دو برس بیت گئے عامر لیاقت حسین کو اس دنیا سے رخصت ہوۓ۔ 9 جون 2022 کو بہترین نعت خواں، شعلہ بیان مقرر، انسان دوست، معروف میزبان، سیاستدان، صحافی، استاد، فیاض، ہمدرد، محب وطن، منفرد انداز بیاں رکھنے والے عامر لیاقت اپنے چاہنے والوں کو روتا چھوڑ گئے۔’

بشریٰ اقبال کا کہنا تھا کہ،’ کچھ مفاد پرست لوگ جنہوں نے چند پیسوں اور شہرت کی ہوس میں آکر وہ گھناؤنا اور شرمناک کام کیا کہ جس کی اذیت نے عامر لیاقت کو ایسا دکھ دیا کہ ان کی جان ہی لے لی۔ دو سال گزرنے کے بعد بھی عامر لیاقت کے مداح ان کو نہیں بھولے اور ان کو ہمیشہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھا ہے۔’

مرحوم سابق شوہر کی تعریف میں بشریٰ اقبال نے دلخراش الفاظ استعمال کرتے ہوئے مزید لکھا کہ،’ کچھ لوگ یادوں کے ایسے ذخیرے چھوڑ جاتے ہیں کہ وقت کی گَرد اُن یادوں کو مٹا نہیں سکتی۔ کئی موسم آۓ اور گئے پر ان کی کمی کا احساس ہر گزرتے وقت کے ساتھ اور بڑھا۔ حساس موضوعات پہ بات کرنا اور اس پہ ڈٹ جانا عامرلیاقت مرحوم کا خاصہ تھا۔’

انہوں نے بتایا کہ،’ عامر لیاقت ختم نبوت، ناموسِ رسالت ﷺ اور عالمی اسلامی ایشوز پر دبنگ انداز میں اپنا موقف پیش کرتے تھے۔ اُن سے کسی نے دعا کرنا سیکھا تو کسی نے درود پڑھنا۔ کسی نے حمدونعت پڑھنا سیکھا تو کسی نے میزبانی کرنا سیکھا۔ کسی نے اردو کے ش ق درست کیے تو کسی نے انسانیت کی خدمت کا درس لیا۔ غرض یہ کہ اُن کی ذات میں بانٹنے کے لیے بہت کچھ تھا۔ ٹیلنٹ کا نہ ختم ہونے والا خزانہ تھے۔ ان پر تنقید کرنے والے بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ پاتے تھے۔’

دوسری برسی پر دعائیہ الفاظ پیش کرتے ہوئے بشریٰ اقبال نے اپنے نوٹ کا اختتام کیا اور لکھا کہ،’اللہ پاک سے دعا ہے کہ مرحوم عامر لیاقت حسین کی موت کے ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا ہو جو سب کے لیے عبرت بنے۔ اللہ پاک عامر لیاقت کے درجات بلند فرماۓ اور ان کی قبر کو جنت کے باغات میں سے ایک باغ بنا دے۔ ان کی اولاد کو ان کے لیے بہترین صدقۂ جاریہ بناۓ اور ان کی ہر نیکی اور اچھے کام کے بدلے میں ان کے گناہوں سے درگزر فرما کر ان کی مغفرت فرمادے آمین۔

یاد رہے کہ عامر لیاقت 9 جون 2022 کو اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، تاہم دوسری جانب عامر لیاقت کی پہلی سابقہ اہلیہ اور بچے عامر لیاقت کے انصاف کیلئے  کوشاں ہیں۔

تازہ ترین