نوجوت سنگھ سدھو نے شاہد آفریدی کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے
پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل نوجوت اور شاہد کی ملاقات
پاکستان بمقابلہ بھارت کے سنسنی خیز معرکے سے قبل بھارتی سابق کرکٹر اور سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو اور پاکستانی سابق کپتان شاہد آفریدی کی خصوصی ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
نوجوت سنگھ اور شاہد آفریدی اس وقت ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے امریکہ میں موجود ہیں جہاں ان دونوں نامور شخصیات کی ملاقات کرتے دلکش ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بن گئی۔
پاک بھارت کے مابین گروپ اے کی سنسنی خیز مقابلے سے قبل نوجوت سنگھ اور شاہد آفریدی ایک دوسرے سے مل کر بے حد خوش ہوئے جبکہ اس دوران نوجوت سنگھ نے شاہد آفریدی کی دلکشی کی جم کر تعریف بھی کی۔
مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوت سنگھ شاہد آفریدی سے بغل ہوتے ہی ان کی مردانہ وجاہت کی تعریف کرتے ہیں اور کیمرہ مین سے سوال کرتے ہیں کیا تم نے ان سے زیادہ حسین کسی کو دیکھا ہے؟
جس پر شاہد آفریدی بھی قہقہہ لگاتے ہوئے نوجوت کی تعریف میں کہتے سنائی دیے کہ پاجی کیساتھ ہم نے بہت کرکٹ کھیلی ہے’۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے نوجوت نے ایک بار پھر شاید آفریدی کیلئے تعریفی جملوں کا تبادلہ کرتے ہوئے کہا معلوم نہیں ایسے لوگ کہاں چلے گئے؟
حریف ممالک سے تعلق رکھنے والی ان نامور شخصیات کا آپس میں محبت اور خوش اخلاقی سے پیش آنا سوشل میڈیا صارفین کے دلوں کو چھو گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی اور نامور شخصیات صرف بین الاقوامی مقابلوں کے دوران ایک دوسرے کا سامنا کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی ان روایتی حریفوں کا سامنا ہوتا ہے، یہ دنیا بھر کے شائقین اور ماہرین دونوں کے لیے بہت بڑا موقع ہوتا ہے۔