دلچسپ و خاص

ماؤنٹ ایورسٹ پر لاشیں، انسانی ڈھانچے ہٹانے کیلئے 'صفائی مہم'

صفائی کے لیے 55 دنوں پر محیط مہم چلائی گئی۔

Web Desk

ماؤنٹ ایورسٹ پر لاشیں، انسانی ڈھانچے ہٹانے کیلئے 'صفائی مہم'

صفائی کے لیے 55 دنوں پر محیط مہم چلائی گئی۔

(فائل فوٹو: آن لائن)
(فائل فوٹو: آن لائن)

نیپال کی فوج نے ماؤنٹ ایورسٹ اور دیگر 2 چوٹیوں سے کئی ٹن کچرا، 4 لاشیں اور انسانی ڈھانچوں کو صاف کردیا ہے۔

'ہمالیہ کے تحفظ کی کوشش' کے عنوان سے ماؤنٹ ایورسٹ، نوپٹسے اور لوٹسے پہاڑ کی صفائی کے لیے 55 دنوں پر محیط صفائی مہم چلائی گئی۔

نیپال کے آرمی چیف پربھو رام شرما نے کہا کہ ہمالیہ کی چوٹیوں سے کئی ٹن کچرا، 4 انسانی لاشیں اور ایک انسانی ڈھانچہ صاف کیا گیا ہے۔

ماؤنٹ ایورسٹ طویل عرصے سے دنیا کے اونچے ترین کچرے کے ڈھیر کے طور پر جانا جاتا رہا ہے، ہر سال سیکڑوں کوہ پیما اس چوٹی پر کوہ پیمائی کے لیے آتے ہیں۔

ماہرین ماحولیات کے ایک اندازے کے مطابق ماؤنٹ ایورسٹ پر 50 ٹن سے زیادہ کچرا اور 200 سے زائد لاشیں دفن ہیں۔

ماحولیاتی بحران سے متعلق خدشات کے پیشِ نظر نیپالی فوج نے 2019 میں سالانہ صفائی مہم کا آغاز کیا۔

نیپالی فوج کا کہنا ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ کی صافئی کے لیے اب تک 5 بار سالانہ صفائی مہم کا اہتمام کیا جاچکا ہے جس میں 119 ٹن کچرا، 14 انسانی لاشیں اور کچھ انسانی ڈھانچے پہاڑ پر سے ہٹائے جا چکے ہیں۔

ہر سال 600 سے زائد لوگ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ہر کوہ پیما اوسطاً 8 کلو گرام (18 پونڈ) کچرا ماؤنٹ ایورسٹ پر پھینک آتا ہے جس میں آکسیجن اور کھانے کے کنٹینرز، خیمے اور انسانی فضلہ بھی شامل ہوتا ہے، کوہ پیمائی کے ہر موسم (مارچ تا مئی) میں ماؤنٹ ایورسٹ پر تقریباً 5 ٹن کچرے کا اضافہ ہوجاتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس ماؤنٹ ایورسٹ پر لگ بھگ 8 کوہ پیما ہلاک یا لاپتا ہوچکے ہیں، گزشتہ برس یہ تعداد نسبتاً کم تھی جب 19 کوہ پیما ہلاک یا لاپتا ہوگئے تھے۔