نیٹ فلکس کی سستی ترین سبسکرپشن والے ممالک میں پاکستان سرفہرست
پاکستان میں نیٹ فلکس کی ماہانہ سبسکرپشن فیس 2.82 ڈالر ہے۔
پاکستان میں معروف انٹرٹینمنٹ اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے سیکڑوں صارفین ہیں لیکن یہ بات کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ پاکستان دُنیا کے اُن ممالک میں سرفہرست ہے جہاں نیٹ فلکس کے سبسکرپشن پیکجز سب سے سستے ہیں۔
دسبمر 2023 میں Visual Capitalist کے مرتب کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ دُنیا بھر میں پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں نیٹ فلکس کی ماہانہ سبسکرپشن فیس سب سے سستی 2.82 ڈالر ہے جوکہ پاکستانی تقریباً 794 روپے بنتے ہیں۔
پاکستان کے بعد جن ممالک میں نیٹ فلکس کا ماہانہ پیکج سستا ہے اُن میں ترکیہ (3.38 ڈالر)، ارجنٹائن (3.57 ڈالر)، مصر (3.88 ڈالر) اور نائیجیریا (4.88 ڈالر) شامل ہیں۔
نیٹ فلکس کی سب سے مہنگی ماہانہ سبسکرپشن فیس سوئٹزرلینڈ میں (21.48 ڈالر) ہے، علاوہ ازیں ڈنمارک، گرین لینڈ، آئرلینڈ اور امریکا میں نیٹ فلکس کی ماہانہ فیس 16.46 ڈالر سے 15.49 ڈالر تک ہے۔
کسی بھی ملک کے اقتصادی عوامل، مارکیٹ میں مسابقت، نیٹ فلکس کانٹینٹ کی لائسنسنگ فیس اور اس ملک کی کرنسی کی ویلیو میں تبدیلی سمیت مختلف عوامل کی وجہ سے اس ملک میں نیٹ فلکس کے سبسکرپشن پیکجز کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس یہ اعلان سامنے آیا تھا کہ نیٹ فلیکس پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز بنانے پر کام کر رہی ہے، جسے ’مومنہ درید فلمز‘ کے بینر تلے بنایا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے نام سے بنائی جانے والی ویب سیریز میں ماہرہ خان، فواد خان، احد رضا میر، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، بلال اشرف، مایا علی، ہانیہ عامر، خوشحال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا، اقرا عزیز اور ثمینہ احمد کو کاسٹ کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پہلی پاکستانی اوریجنل ویب سیریز کی کہانی اسی نام سے شائع ہونے والے فرحت اشتیاق کے ناول سے ماخوذ ہوگی اور اس کی شوٹنگ پاکستان کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی میں بھی کی جائے گی۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ ویب سیریز کتنی اقساط پر مبنی ہوگی اور اسے کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم ممکنہ طور پر اسے رواں برس پیش کردیا جائے گا۔
یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ نیٹ فلیکس کی جانب سے پڑوسی ملک بھارت کی پہلی اوریجنل ویب سیریز 2016 ء میں ’سیکرڈ گیمز‘ کے نام سے ریلیز کی گئی تھی، جس کے بعد اب وہاں درجنوں فلمیں اور ویب سیریز ریلیز کی جاچکی ہیں۔
اسی طرح نیٹ فلیکس کی جانب سے مشرق وسطیٰ کے لیے پہلی عرب اوریجنل ویب سیریز 2018 ء میں ریلیز کی گئی تھی، تاہم 2022 ء میں نیٹ فلیکس نے عرب مواد کو مشرق وسطیٰ میں تیار کرنے کا آغاز بھی کیا تھا۔