شتروگھن سنہا بھی سوناکشی کی شادی سے لاعلم
شتروگھن سنہا نے سوناکشی کی شادی کی خبروں پر خاموشی توڑدی
بھارتی سینئر اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا نے اپنی بیٹی و اداکارہ سوناکشی سنہا کی شادی کے حوالے سے لاعلم ہونے کا انکشاف کردیا۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا میں بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا کہ سوناکشی سنہا اداکار ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کرنے جاری ہیں اور شادی کی تقریب کا انعقاد 23 جون کو ممبئی میں کیا جائیگا۔
سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی خبر نے اسٹار جوڑی کے مداحوں کو خوش کردیا لیکن فینز منتظر نظر آئے کہ سوناکشی سنہا اس خبر کی تصدیق کریں لیکن ایسا تاحال نہیں ہوا۔
اگرچہ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ شتروگھن سنہا نے جوڑی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے لیکن میڈیا سے بات کرتے ہوئے شتروگھن سنہا نے حیران کن موقف دے دیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے 'زوم' سے بات کرتے ہوئے شتروگھن سنہا نے کہا کہ ' میں اس وقت دہلی میں ہوں اور سوناکشی سنہا کی شادی کے حوالے سے کچھ بھی نہیں جانتا ہوں، مجھے بھی اتنا ہی پتا ہے جتنا میڈیا جانتا ہے'۔
انکا کہنا تھا کہ ' میں انتخابات کے نتائج آنے کے بعد دہلی آگیا تھا اور میں نے اپنی بیٹی کی زندگی کے معاملات سے متعلق کسی سے بات نہیں کی'۔
انہوں نے سوال پوچھنے والے سے کہا کہ ' مطلب آپ مجھ سے یہ پوچھنا چاہ رہے ہیں کہ کیا وہ شادی کر رہی ہیں؟ تو میرا جواب یہ ہے کہ اس نے ابھی مجھے کچھ نہیں بتایا ہے'۔
شتروگھن سنہا نے یہ بھی کہا کہ 'جب سوناکشی ہمیں اس حوالے سے بتائیگی تو میں اور میری اہلیہ اس کو اپنی دعاؤں سے نوازیں گے، اس کو دنیا کی تمام خوشیاں نصیب ہوں'۔
رپورٹس کے مطابق سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی پہلی ملاقات سلمان خان کی جانب سے رکھی گئی پارٹی میں ہوئی جہاں وہ ملتے ہی دوست بن گئے اور آگے چل کر یہ دوستی محبت میں بدل گئی اور دونوں ایک ساتھ فلم ’ڈبل ایکس ایل‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر بھی ہوئے۔