پاکستان

عمران ریاض حج پر روانگی سے قبل دوبارہ گرفتار

سادہ لباس اور پولیس یونیفارم میں ملبوس افراد نے گرفتار کیا۔

Web Desk

عمران ریاض حج پر روانگی سے قبل دوبارہ گرفتار

سادہ لباس اور پولیس یونیفارم میں ملبوس افراد نے گرفتار کیا۔

(اسکرین گریب: ایکس)
(اسکرین گریب: ایکس)

معروف یوٹیوبر عمران ریاض خان کو حج پر روانگی سے قبل سادہ لباس اور پولیس یونیفارم میں ملبوس افراد نے ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔

اب سے کچھ دیر قبل عمران ریاض نے اپنے آفیشل 'ایکس' اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا بتایا تھا کہ 'اطلاعات مل رہی ہیں کہ ائیر پورٹ پر غیرمعمولی نفری ہے، مجھے روکنے کی ایک اور کوشش کی جا سکتی ہے، میرے اللہ گواہ رہنا کہ میں نے اپنی ہر ممکن کوشش کی، میں ائیرپورٹ کی طرف جارہا ہوں، مجھے حج سے روکنے کے لیے گرفتار کرنا چاہتے ہیں تو بھی میں تیار ہوں حالانکہ میں تمام کیسز میں ضمانت پر ہوں، کسی کیس میں مطلوب نہیں ہوں'۔

عمران ریاض نے مزید لکھا تھا کہ 'جب جب کسی عدالت نے مجھے طلب کیا، میں پیش ہوا، کیسز کا سامنا کیا، نہ کبھی بھاگا، نہ مفرور ہوا اور نہ ہی اشتہاری ہوں، احرام پہن کر اپنی حج فلائٹ کے لیے ائیر پورٹ جارہا ہوں'۔

بعدازاں سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز سامنے آئیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران ریاض خان کو سادہ لباس اور پولیس یونیفارم میں ملبوس درجنوں افراد نے ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا ہے۔

ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایئرپورٹ کے باہر عمران ریاض خان احرام پہن کر گاڑی کے اندر بیٹھے ہیں جبکہ سادہ لباس میں ملبوس ماسک لگائے کئی افراد نے ان کی گاڑی کو گھیر رکھا ہے۔

عمران ریاض ساتھ کے ساتھ موجود لوگوں نے اُن نامعلوم افراد سے اُن کی شناخت کے بارے میں استفسار کیا لیکن انہوں نے کوئی جواب دینے سے گریز کیا۔

اِس دوران پولیس کی وردی میں ملبوس افراد نے عمران ریاض کے ساتھیوں سے زبردستی موبائل چھیننے کی بھی کوشش کی۔ 

بعدازاں عمران ریاض کے ساتھ موجود وکیل اظہر صدیقی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے عمران ریاض کی گرفتاری کی تصدیق کی۔

انہوں نے بتایا کہ 'عمران ریاض کو پولیس کے ہمراہ موجود سادہ لباس میں ملبوس افراد نے گرفتار کرلیا ہے، اس دوران بہت گرما گرمی ہوئی، انہوں نے ہمارے گارڈز اور گاڑی پر بھی حملہ کیا، میرے ڈرائیور کا فون چھین لیا اور عمران ریاض کو گرفتار کرکے لے گئے'۔

اظہر صدیقی نے بتایا کہ ' عمران ریاض خان نے احرام پہن رکھا تھا، انہیں پہلے ہی معلوم تھا کہ ائیرپورٹ پر یہ لوگ موجود ہیں اس کے باوجود وہ پیچھے نہیں ہٹا، حالانکہ تمام کیسز میں عمران ریاض کی ضمانت ہوچکی ہے'۔

یاد رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے عمران ریاض کی حج کے لیے جانے کی اجازت سے متعلق درخواست پر 29 مئی کو سماعت کی تھی اور اُن کو حج پر جانے کی اجازت دی تھی۔

تاہم 3 جون کو عمران ریاض کو عدالت سے اجازت ملنے کے باوجود حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کا سفر کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

اجازت نہ ملنے پر عمران ریاض ائیر پورٹ سے واپس گھر روانہ ہوگئے، اُن کا کہنا تھا کہ وہ حج پر جانے کی اجازت کے لیے دوبارہ عدالت سے رجوع کریں گے، بعدازاں آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران ریاض کو حج پر جانے کی اجازت دے دی تھی۔  


تازہ ترین