کھیل

امریکا، بھارت سے میچ ہارنے پر قومی ٹیم کیخلاف پٹیشن دائر

درخواست میں بابر اعظم و دیگر کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا

Web Desk

امریکا، بھارت سے میچ ہارنے پر قومی ٹیم کیخلاف پٹیشن دائر

درخواست میں بابر اعظم و دیگر کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا

امریکا کے خلاف میچ میں پاکستان کی عزت کا سودا کیا گیا، ایڈووکیٹ منظور قادر بھنڈر
امریکا کے خلاف میچ میں پاکستان کی عزت کا سودا کیا گیا، ایڈووکیٹ منظور قادر بھنڈر

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی امریکا اور بھارت کے ہاتھوں  شکست پر  شہری عدالت پہنچ گیا۔

گوجرانوالہ کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں قومی ٹیم کے خلاف درخواست ایک وکیل کی جانب سے دائر کی گئی۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ دونوں میچز میں بدترین شکست پر کپتان بابر اعظم اور دیگر ٹیم اراکین کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔

درخواست گزار نے  ٹیم مینیجر، کوچ اور چیف سیلیکٹر کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی۔

گوجرانوالہ کے ایڈووکیٹ منظور قادر بھنڈر نے  پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاسی سربراہ لگانے سے کرکٹ کی تباہی کا آغاز ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 6 جون کو امریکا کے خلاف میچ میں پاکستان کی عزت کا سودا کیا گیا اور رہی سہی کسر 9 جون کو بھارت کے خلاف میچ میں پوری کر دی گئی۔

انہوں نے درخواست میں کہا کہ میچ ہارنے سے 24 کروڑ عوام کے علاوہ سائل کے جذبات بھی مجروح ہوئے ہیں لہذا کپتان بابر اعظم ، ٹیم اراکین، مینجر کوچ اور سلیکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے ۔

وکیل کی جانب سے اندراج مقدمہ کی درخواست پر عدالت نے پولیس سے رپورٹ طلب کر لی  اور ایس ایچ او تھانہ اروپ کو 21 جون تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

خیال رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو پہلی بار ورلڈکپ کا حصہ بننے والی امریکی ٹیم نے سپر اوور میں شکست دے دی تھی۔

اس شکست پر دل گرفتہ مداحوں کی افسردگی ابھی دور نہیں ہوئی تھی کہ پاکستانی بیٹرز کی ناقص کارکردگی کے سبب بھارت کے ساتھ کھیلا گیا میچ بھی 6 رنز سے ہار گئے تھے۔

ان دو میچز میں انتہائی ناقص کارکردگی کے سبب اب پاکستان کے سپر 8 مرحلے تک رسائی کے امکانات معدوم ہوچکے ہیں اور خدشہ ہے کہ قومی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف اپنے اگلے میچ سے پہلے ہی ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوجائے گی۔

تازہ ترین