کھیل

ٹیم میں اختلافات، افتخار نے عماد کی تضحیک پر مبنی پوسٹ لائک کردی

افتخار احمد نے ٹیم میں دھڑے بندی کی افواہوں کو مزید ہوا دے دی۔

Web Desk

ٹیم میں اختلافات، افتخار نے عماد کی تضحیک پر مبنی پوسٹ لائک کردی

افتخار احمد نے ٹیم میں دھڑے بندی کی افواہوں کو مزید ہوا دے دی۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستانی کرکٹ ٹیم میں دھڑے بندی (گروپنگ) کی افواہوں کو قومی کرکٹر افتخار احمد نے مزید ہوا دے دی۔

افتخار احمد نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ کو لائک کیا جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد ان کے ساتھی کھلاڑی عماد وسیم پر تنقید کی گئی تھی۔

بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان 120 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں ناکام رہا، میچ کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا جب 48 گیندوں پر صرف 48 رنز درکار تھے، تاہم اس کے باوجود یہ جیتا ہوا میچ بھی گرین شرٹس کے ہاتھوں سے نکل گیا۔

فخر زمان 13ویں اوور میں 8 گیندوں پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو عماد وسیم 5ویں نمبر پر کریز پر آئے، بدقسمتی سے عماد وسیم ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے، انہوں نے آخری اوور کی پہلی بال پر آؤٹ ہونے سے قبل کُل 23 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔

پاکستان کو آخری 5 گیندوں پر 18 رنز درکار تھے، اس وقت نسیم شاہ کریز پر موجود تھے جنہوں نے 2 چوکے بھی لگائے لیکن بالآخر قومی ٹیم کو بھارتی باؤلرز کے ہاتھوں 6 رنز سے شکست ہو گئی۔

شکست کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی کہ افتخار احمد نے عماد وسیم کی بیٹنگ پرفارمنس سے متعلق ایک تضحیک آمیز ٹوئٹ لائک کردی۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

بظاہر اِس چھوٹے سے عمل نے قومی ٹیم کے اندر اتحاد کی کمی کے حوالے سے پہلے سے موجود قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دے دی ہے۔

کرکٹ شائقین کے علاوہ اسپورٹس تجزیہ کار بھی ٹیم میں موجود ممکنہ اختلافات پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔

ٹی 20 ورلڈکپ کے حوالے سے’جیو نیوز‘ کے خصوصی شو’ہارنا منع ہے‘ میں میزبان تابش ہاشمی نے بھی افتخار احمد کے اس عمل پر تنقید کی۔ 

انہوں نے کہا کہ 'افتخار احمد! آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا عماد وسیم آپ کے ٹیم ممبر ہیں اس لیے دنیا کو یہ نہیں پتا چلنا چاہیے کہ آپ دونوں کے درمیان اختلافات ہیں'۔

تابش ہاشمی نے کہا کہ ہمارے آپس کے اختلافات کسی صورت دنیا کے سامنے نہیں آنے چاہئیں، یہ سب گھر کے مسائل ہیں انہیں گھر میں ہی رکھنا چاہیے۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ افتخار احمد نے اب اس پوسٹ کو ان لائیک کردیا ہے لیکن اس سے پہلے اس کے اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوچُکے ہیں۔

تابش ہاشمی کی رائے سے شو میں موجود کرکٹر عمران نزیر، احمد شہزاد اور امام الحق نے بھی اتفاق کیا۔

احمد شہزاد نے کہا کہ اگر واقعی افتخار احمد نے یہ پوسٹ خود لائک کی ہے اور ایسا غلطی سے نہیں ہوا ہے تو یہ عمل واقعی قابلِ مذمت ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ افتخار احمد نے ارادتاً یہ پوسٹ لائک کردی تھی یا ایسا غلطی سے ہوگیا تھا تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ایسے وقت میں ہوا جب اِس سے محض ایک روز کے بعد ایکس انتظامیہ نے صارفین کے لائکس کو پرائیویٹ کردیا ہے۔  

تازہ ترین