لاڑکانہ میں انوکھی واردات، چور موبائل فون کمپنی کا ٹاور لے اُڑے
چور لوہے کا مین گیٹ اور دیگر تنصیبات بھی ساتھ لے گئے۔
لاڑکانہ کے نواحی علاقے نوڈیرو میں ناقابل یقین واردات رونما ہوئی جہاں چور نجی موبائل کمپنی کا پورا موبائل ٹاور چوری کرکے لے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چوری کی یہ عجیب و غریب واردات گاؤں بھونبھٹ پور میں رونما ہوئی جہاں چور موبائل فون کی نجی کمپنی کا ٹاور کاٹ کر مین گیٹ سمیت چوری کرکے لے گئے۔
چوروں نے موبائل ٹاور کو اوپر سے نیچے تک کٹر سے کاٹ کر اکھاڑ لیا تھا، وہ لوہے کا مین گیٹ اور دیگر تنصیبات بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
نجی موبائل فون کمپنی نے گاؤں میں اپنی تنصیبات کی نگرانی کے لیے 2 سیکورٹی گارڈز تعینات کیے تھے۔
ٹاور کی حفاظت پر مامور ان دونوں چوکیداروں کے خلاف تھانہ نوڈیرو میں موبائل کمپنی کے جنرل منیجر ساجد اقبال کی شکایت پر چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
جنرل منیجر نے اپنی شکایت میں کہا کہ کمپنی کو صارفین کی جانب سے موبائل سگنلز نہ آنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔
جب کمپنی کے عملے نے تکنیکی مسائل کو حل کرنے کے لیے ٹاور کی جگہ کا معائنہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ دیگر تنصیبات سمیت پورا ٹاور بھی چوری کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے، چوری کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ چور تمام اندرونی معلومات سے اچھی طرح باخبر تھے۔