ویرات کوہلی نے کیارا اور سدہارتھ سے کونسا اعزاز چھین لیا؟
ویرات کوہلی نے کیارا اور سدہارتھ کو شکست دے دی
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے بالی وڈ کی اسٹار جوڑی کیارا اڈوانی اور سدہارتھ ملہوترا سے سوشل میڈیا پر ملنے والا ایک بڑا اعزاز چھین لیا۔
بھارت سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو شکست دیکر ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بن گیا۔
جہاں بھارتی کرکٹرز نے اسٹیڈیم میں خوب جشن منایا اور اپنے فیملی میمبرز سے گلے لگ کر روتے بھی نظر آئے تو وہیں سوشل میڈیا پر بھی بھارتی ٹیم کو مداحوں کی جانب سے محبت ملی۔
مداحوں کے علاوہ خود کرکٹرز نے اپنی اس شاندار کامیابی پر دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پوسٹس شیئر کیں۔
ویرات کوہلی نے بھی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کیا جس میں انہوں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ میں فتح کے بعد لی گئیں تصاویر شامل کی ہیں۔
پوسٹ میں شامل ایک تصویر میں پوری ٹیم ٹرافی لینے پر جشن منارہی ہے جبکہ دیگر دو تصاویر میں ویرات کوہلی ٹرافی کو چومتے اور ایک میں پوز دیتے نظر آرہے ہیں۔
پوسٹ میں شامل چوتھی تصویر میں کوہلی اور بھارتی کپتان روہت شرما کندھوں پر بھارت کا مرچم اوڑھے ہیں اور ہاتھ میں ٹرافی اٹھا رکھی ہے۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں ویرات کوہلی نے لکھا کہ ’ اس سے زیادہ حسین دن کا خواب دیکھا ہی نہیں جاسکتا۔ خدا سب سے بڑا ہے اور میرا سر اسکے آگے جھکے جا رہا ہے، آخر کار ہم نے یہ کر دکھایا‘۔
ویرات کوہلی کی اس پوسٹ کو نا صرف بھارتی بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ فینز نے بھی لائیک کیا جبکہ شوبز ستارے بھی بڑھ چڑھ کر اس پوسٹ کو لائیک کرتے اور اس پر کمنٹس کرتے دکھے۔
بھارتی ٹیم کی بڑی فتح کے بعد ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کردیا جس کے سبب مداحوں نے پوسٹ کو غیرمعمولی توجہ سے نوازہ۔
اس پوسٹ کو دیکھتے ہی دیکھتے اتنے زیادہ لائیکس مل گئے کہ پوسٹ کرنے کے صرف ایک ہی دن کے اندر یہ بھارت میں سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی انسٹاگرام پوسٹ بن گئی۔
یہ اعزاز ویرات کوہلی سے پہلے سدہارتھ ملہوترا اور کیارا اڈوانی کی انسٹاگرام پوسٹ کو حاصل تھا جس میں انہوں نے اپنی شادی کی دلکش تصویر شامل کی تھی۔
کیارا اڈوانی اور سدہارتھ ملہوترا نے یہ پوسٹ 7 فروری 2023 کو انسٹاگرام پر شیئر کی تھی جس کو 16 ملین سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے لائیک کیا تھا۔
ویرات کوہلی کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی خوشی میں شیئر کی گئی پوسٹ ایک ہی دن میں 18 ملین سے زائد لائیکس حاصل کرچکی ہے اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اس گنتی میں اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔
کرکٹ کے میدان میں بڑے بڑے معرکے مارنے کے بعد ویرات کوہلی کا انسٹاگرام کی دنیا میں بھی اہم اعزاز حاصل کرنا ان کی سچی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔