کوہلی اور انوشکا نے واقعی بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا؟
دونوں کے لندن منتقل ہونے کی افواہیں زور پکڑ گئیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کے بھارت چھوڑ کر لندن منتقل ہونے کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں۔
سوشل میڈیا اورمختلف میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ دونوں میاں بیوی اپنے دونوں بچوں کے ہمراہ مستقل طور پر لندن میں رہائش اختیار کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار اننگز کھیل کر بھارت کو ورلڈ چیمپئن بنوانے والے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی لندن روانہ ہوگئے ہیں۔
29 جون کو ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں بھارت، جنوبی افریقہ کو شکست دے کر 17 سال بعد ٹی20 کرکٹ کا عالمی چیمپیئن بنا تھا اور شیڈول کے مطابق بھارتی ٹیم کو اگلے روز وطن واپس روانہ ہونا تھا۔
تاہم، سمندری طوفان کے باعث بھارتی ٹیم چند روز تک بارباڈوس میں پھنسی رہی اور پھر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے خصوصے طیارے کا انتظام کیا گیا، جو بھارت ٹیم کو لیکر 4 جولائی کو نئی دہلی پہنچی، جہاں لاکھوں کی تعداد میں بھارتی شہریوں نے اپنی ٹیم کا استقبال کیا۔
بھارتی رپورٹس کے مطابق 4 جولائی کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے کے بعد ویرات کوہلی 5 جولائی کو دوبارہ ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھے گئے، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وہ کہاں جارہے تھے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ انوشکا شرما نے 29 جون کو ہونے والے فائنل میں شرکت نہیں کی تھی اور وہ ان دنوں دونوں بچوں وامیکا (بیٹی) اور اکائے (بیٹے) کے ہمراہ لندن میں موجود ہیں جبکہ ویرات کوہلی بھی لندن ہی جارہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جب سے انوشکا شرما اور ویرات کوہلی دوسرے بچے (اکائے) کے والدین بنے ہیں، اس کے بعد سے یہ جوڑا لندن شفٹ ہونے کا سوچ رہا ہے۔
یاد رہے کہ ویرات اور انوشکا کے ہاں دوسرے بچے (اکائے) کی پیدائش بھی لندن میں ہی ہوئی تھی، اس جوڑے نے اکائے کی پیدائش کے بعد بھی تقریباً 2 ماہ لندن میں گزارے تھے، بعدازاں ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور آئی پی ایل کے لیے بھارت واپس آگئے تھے اور اس کے کئی دن بعد انوشکا بھی بھارت واپس آگئی تھیں۔
دراصل کوہلی اور انوشکا بھارت میں شور شرابے اور کروڑوں مداحوں سے دور اپنی نجی زندگی پرسکون ماحول میں گزارنا چاہتے ہیں جہاں دونوں آزادانہ گھوم پھر سکیں، ان کے بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کرسکیں اور عام لوگ انہیں پہچان نہ سکیں۔
ماضی میں ویرات کوہلی نے ایک اسپورٹس چینل کو انٹریو دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ عوام کے شور سے دور ایک پرسکون جگہ پر زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی طرف اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایک بار میرا ہوگیا تو پھر چلا جاؤں گا اور کسی کو بھی دکھائی نہیں دوں گا، اس لیے فی الحال میں اپنا سب کچھ کرکٹ کو ہی دینا چاہتا ہوں‘۔
ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ویرات کوہلی کی حالیہ ریٹائرمنٹ اور ماضی کے اِس بیان کو لے کر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ افواہیں زور پکڑ گئی ہیں کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد لندن میں رہائش اختیار کریں گے، جہاں ان کی اہلیہ اور بچے پہلے سے ہی موجود ہیں۔
ان کے قریبی لوگوں کا بھی کہنا ہے کہ ویرات چونکہ ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں، اس لیے وہ اب مستقل برطانیہ میں ہی رہیں گے۔
تاہم یہ واضح رہے کہ دونوں میاں بیوی کی جانب سے تاحال بھارت چھوڑنے یا مستقل لندن منتقل ہونے سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
-
انفوٹینمنٹ 23 منٹ پہلے
بالی وڈ میں پاکستانی فنکاروں کے ہم شکل اسٹارز
-
کھیل 43 منٹ پہلے
سابق بھارتی ریسلر ونیش پھوگاٹ ڈیبیو الیکشن میں کامیاب
-
ٹیکنالوجی 1 گھنٹے پہلے
کھانسنے اور چھینکنے سے بیماریوں کا پتا لگانے والا اے آئی ٹول تیار
-
اسکینڈلز 1 گھنٹے پہلے
حبا بخاری نے حمل کیلئے شہزاد حکیم سے علاج کروایا؟