پاکستان

جولین معظم جیمز پاک فوج میں میجر جنرل بننے والے پہلے مسیحی افسر

یہ پاکستان میں بسنے والے مسیحیوں کیلئے فخر کا دن ہے، بشپ آزاد مارشل

Web Desk

جولین معظم جیمز پاک فوج میں میجر جنرل بننے والے پہلے مسیحی افسر

یہ پاکستان میں بسنے والے مسیحیوں کیلئے فخر کا دن ہے، بشپ آزاد مارشل

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے فوجی افسر جولین معظم جیمز کو میجر جنرل کے رینک پر ترقی دے دی گئی ہے۔

رواں ہفتے پاک فوج میں برگیڈیئر رینک کے 22 افسران کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے جن میں میجر جنرل جولین معظم جیمز بھی شامل ہیں، پاکستان آرمی پروموشن بورڈ نے اِن ترقیوں کی منظوری دی ہے۔

پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی مسیحی فوجی افسر کو میجر جنرل کے رینک پر ترقی دی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے فوجی افسر کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں شہباز شریف نے میجر جنرل معظم جیمز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی ترقی اور دفاع کے لیے مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں‘۔

وزیراعظم نے مزید کہا ’میجر جنرل جولین معظم جیمز کی پیشہ ورانہ مہارت اور محنت نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے‘۔

مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی معروف مذہبی شخصیت بشپ آزاد مارشل نے 'ایکس' پر لکھا کہ 'یہ دن پاکستان میں بسنے والے مسیحیوں کے لیے بے پناہ فخر کا دن ہے کیونکہ آج ہم مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ایک شاندار فوجی افسر کے میجر جنرل بننے پر خوشی منا رہے ہیں'۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

انہوں نے لکھا کہ 'یہ پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے کسی فوجی افسر کو میجر جنرل کے رینک پر ترقی ملی ہے۔ میجر جنرل جولین معظم جیمز پہلے مسیحی ایس ایس جی کمانڈو افسر ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا ہے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'پاک فوج کی جانب سے مسیحی فوجی افسر کو ملنے والی یہ ترقی اہم سنگ میل ہے جس نے ہماری کمیونٹی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے'۔

قبل ازیں گزشتہ ماہ ہیلن میری روبرٹس پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں بریگیڈیئر کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی مسیحی خاتون بنی تھیں، بریگیڈیئر ہیلن میری کا پاک فوج میں میڈیکل کے شعبے سے تعلق ہے۔

مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد افسران پاک فوج میں مختلف عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

گزشتہ سال آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کرسمس کے موقع پر پاکستان کی ترقی میں مسیحی کمیونٹی کے کردار کو سراہا تھا۔

انہوں نے مساوی تعلیم کے فروغ، صحت کی سہولیات اور سماجی کاموں کے علاوہ قومی دفاع میں مسیحی کمیونٹی کی خدمات کی تعریف کی تھی۔

تازہ ترین