خواتین

لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کون ہیں؟

جسٹس عالیہ نیلم نے مختصر عرصے میں خود کو بہترین وکیل کے طور پر منوایا۔

Web Desk

لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کون ہیں؟

جسٹس عالیہ نیلم نے مختصر عرصے میں خود کو بہترین وکیل کے طور پر منوایا۔

(فوٹو: اسکرین گریب)
(فوٹو: اسکرین گریب)

جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، جج صاحبان، سابق ججز، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ، لا افسران اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔

گورنر پنجاب سلیم حیدر نے جسٹس عالیہ نیلم سے حلف لیا اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم حلف برداری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچیں جہاں انہیں پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیرِ صدارت ہوئے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے لیے جسٹس عالیہ نیلم کے نام کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن میں لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کےلیے 3 ناموں (جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم) پر غور کیا گیا تھا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے منظوری دینے کے بعد وزارتِ قانون نے جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

جسٹس عالیہ نیلم کون ہیں؟

جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں، ان کا کیرئیر 2 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے۔

وہ 12 نومبر 1966 کو پیدا ہوئیں، انہوں نے 1995ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے 1996 میں قانونی کیرئیر شروع کیا اور مختصر عرصے میں خود کو بہترین وکیل کے طور پر منوایا۔

جسٹس عالیہ نیلم کو آئین، قانون، وائٹ کالر کرائم، دیوانی، فوجداری، انسداد دہشت گردی کے قوانین، نیب اور بینکنگ جرائم پر خصوصی مہارت حاصل ہے۔

وہ 2013 میں لاہور ہائیکورٹ کی ایڈیشنل جج کے طور پر تعینات ہوئیں اور 16 مارچ 2015 کو بطور مستقل جج حلف اٹھایا، وہ بطور جج 203 قابلِ نظیر فیصلے دے چکی ہیں۔

جسٹس عالیہ نیلم پنجاب کی انسدادِ دہشت گردی عدالتوں کی پہلی خاتون ایڈمنسٹریٹو جج بھی رہیں، انہوں نےصنفی بنیاد پر تشددکے مقدمات کی سماعت کےلیےعلیحدہ عدالتوں کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

تازہ ترین