وائرل اسٹوریز

ٹرمپ نے قاتلانہ حملے میں جان بچانے والی خاتون کو گلے لگا لیا

یہ لڑکی کمپیوٹر کی ماہر ہے، اِس نے میری جان بچائی، ٹرمپ

Web Desk

ٹرمپ نے قاتلانہ حملے میں جان بچانے والی خاتون کو گلے لگا لیا

یہ لڑکی کمپیوٹر کی ماہر ہے، اِس نے میری جان بچائی، ٹرمپ

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوینیا کے شہر بٹلر میں خود پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں جان بچانے کا سبب بننے والی خاتون کو شکریہ ادا کرتے ہوئے گلے لگا لیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست پنسلوینیا میں ہونے والی انتخابی ریلی کے دوران ایک بڑی اسکرین لگائی گئی تھی جس پر چلنے والی سلائڈز کا کنٹرول مذکورہ خاتون کے پاس تھا جو عملے کا حصہ تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ خطاب کے دوران خاتون نے اسکرین پر ایک امیگریشن چارٹ لگایا جسے پڑھنے کے لیے جب ٹرمپ نے رخ موڑا تو عین اسی وقت حملہ آور تھامس میتھیو کروکس نے ان پر فائرنگ کردی، تاہم چارٹ پڑھنے کیلئے رخ موڑنے کے سبب ٹرمپ بال بال بچ گئے۔

گزشتہ روز ریاست پنسلوانیا کے شہر ہیرسبرگ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے مذکورہ خاتون کو اسٹیج پر مدعو کیا اور اسے گلے لگا کر سر پر بوسہ دیکر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ٹرمپ نے ہجوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہ یہ لڑکی کمپیوٹر چلانے کی ماہر ہے، اِس نے میری جان بچائی۔

خاتون اسٹیج پر آکر ٹرمپ سے مل کر مسکرا اٹھی، اس نے مائیک پر صرف 'ہائے' کہنے پر اکتفا کیا اور چلتی بنی جس پر ڈونلڈ ٹرمپ مسکرا اٹھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز منعقد ہونے والی یہ ریلی 13 جولائی کو بٹلر میں قاتلانہ حملے کے بعد ٹرمپ کی پنسلوانیا میں پہلی ریلی تھی۔

اس چارٹ کے بارے میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے یہ چارٹ بہت پسند ہے، میں اپنی ساری زندگی اس چارٹ کے ساتھ سونے کیلئے تیار ہوں۔

ٹرمپ نے بتایا کہ امریکہ میں غیر قانونی امیگریشن پر مبنی یہ چارٹ اُن کی صرف 20 فیصد انتخابی ریلیوں میں استعمال ہوا ہے اور اسے ہمیشہ ان کی بائیں جانب نصب کیا جاتا تھا لیکن حملے کے روز یہ اُن کی دائیں جانب نصب تھا۔

اپنے کان کو چھو کر گزر جانے والی گولی کا تذکرہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر میں چارٹ پڑھنے کیلئے رُخ نہ موڑتا تو (مجھے قتل کرنے کیلئے) بہترین نشانہ لیا گیا تھا'۔

تازہ ترین