اڈیالہ جیل کا نام عمران خان سے منسوب کرنےکا دعویٰ غلط نکلا
سوشل میڈیا صارفین نے نام بدلنے کی پوسٹس شیئر کی تھیں۔
گوگل پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کا نام بدل کر عمران خان جیل رکھنے کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا۔
متعدد سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گوگل میپس نے سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے راولپنڈی کی سینٹرل جیل کو 'عمران خان جیل' کے طور پر لیبل کردیا ہے۔
مذکورہ پوسٹس پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں اور حامی صحافیوں کی جانب سے بڑےپیمانے پر شیئر کی گئی تھیں۔
عمران خان کے حامی ایک صحافی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر گوگل میپ کا اسکرین شاٹ شیئر کر کے لکھا تھا کہ 'گوگل نے اڈیالہ جیل کو عمران خان کی لوکیشن سے منسوب کردیا ہے، آپ بھی سرچ کر کے عمران خان کے سیل کو دیکھ سکتے ہیں'۔
تاہم اس دعوے کی حقیقت کیا ہے؟
فیکٹ چیک کے ماہر اور ایک غیر منافع بخش تنظیم کے سربراہ اسد بیگ نے بتایا کہ گوگل میپ میں تبدیلی کے کیے جانے والے یہ دعوے جھوٹے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گوگل خاص طور پر ہائپر لوکل سیاست کے حوالے سے سیاسی پوزیشنز نہیں لیتا۔
اسد بیگ نے مزید کہا کہ جب زمین پر کسی مقام کو لیبل لگانے کی بات آتی ہے تو گوگل میپ مختلف طریقوں پر انحصار کرتا ہے جن میں سے ایک صارف کے تیار کردہ لیبل یا ’user contributions‘ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ اکثر اوقات انفرادی صارفین گمراہ کن یا غلط معلومات بھیج سکتے ہیں، تو اسے دوسرے صارفین ’report a problem‘ کے فیچر کا استعمال کر کے درست بھی کر سکتے ہیں۔
ان کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کنسلٹنٹ پرویز افتخار نے بھی بتایا کہ گوگل میپس پر اگر 'عمران خان جیل' لکھ کر سرچ کیا جائے تو صارفین کو اڈیالہ جیل کی لوکیشن پر لے جایا جائے گا تاہم مقام کا نام تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تکنیکی طور پر کسی مقام کا نام تبدیل کرنا ممکن ہے مگر اس کے لیے سخت تصدیقی عمل کی ضرورت ہوتی ہے، جس میں اے آئی الگورتھم، ہیومن ماڈریٹرز اور بعض اوقات حکومتی کراس چیک شامل ہوتے ہیں۔
چنانچہ صارفین اگر اب بھی اپنے گوگل میپ پر اڈیالہ جیل لکھ کر سرچ کریں گے تو گوگل انہیں اسی لیبل کے ساتھ اڈیالہ جیل کا سیٹیلائٹ منظر اور نقشہ دکھائے گا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان مختلف کیسز میں گزشتہ برس اگست سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
-
اسکینڈلز 5 گھنٹے پہلے
شادی اور ماں بننے سے متعلق ایشوریا کا 29 سال پُرانا بیان وائرل
-
دلچسپ و خاص 5 گھنٹے پہلے
اہرامِ مصر کے اوپر سیٹلائٹس میں خلل کی وجہ سامنے آگئی
-
پاکستان 5 گھنٹے پہلے
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان
-
دلچسپ و خاص 6 گھنٹے پہلے
شوہر کی سالگرہ پر ملالہ کا محبت بھرا پیغام