سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 5 پاکستانی فلمیں
وہ فلمیں جو ناظرین کی پسندیدگی حاصل کر کے خاطر خواہ بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔
گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے پاکستانی سینما کا ریوائول جاری ہے، حالانکہ ملک میں بنائی جانے والی فلموں کے معیار پر خاصی بحث کی جاتی ہے۔
تاہم اس کے باوجود کچھ فلمیں ایسی تھیں جو ناظرین کی پسندیدگی حاصل کرنے کے بعد خاطر خواہ بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔
یہاں ہم ان چند فلموں کا تذکرہ کررہے ہیں جنہیں کمائی کے لحاظ سے کامیاب فلموں میں شمار کیا جاتا ہے:
دی لیجنڈ آف مولا جٹ
13 اکتوبر 2022 کو سینما گھروں کی زینت بننے والی دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو 25 ممالک میں ریلیز کیا گیا۔
یہ سب سے زیادہ ممالک میں ریلیز ہونے والی واحد پاکستانی یا پنجابی فلم ہے، جس نے دنیا بھر میں باکس آفس پرٹھیک ٹھاک کمائی کی۔
فلم نے دنیا کے دیگر ممالک سے 4 ارب جبکہ پاکستان میں نمائش سے 121 کروڑ سے زائد کی کمائی کی ہے۔
فلم کی کہانی بلال لاشاری، ناصر ادیب نے لکھی ہے جبکہ ہدایت کاری بلال لاشاری نے کی ہے۔
فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان اور حمائمہ ملک پر مشتمل اس فلم نے اپنے شاندار انداز اور دلکش کہانی کے ساتھ پاکستانی سنیما کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا۔
جوانی پھر نہیں آنی2
جوانی پھر نہیں آنی 2 اِسی نام کی پہلی فلم کا سیکوئل تھی جو ایک کامیڈی ڈرامہ فلم تھی جس میں ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، احمد علی بٹ، واسع چوہدری مرکزی کرداروں میں نظر آئے۔
22 اگست 2018 کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے پاکستانی باکس آفس پر اچھا بزنس کیا اور 70.35 کروڑ روپے سے زائد کمائی کی۔
ناظرین نے فلم کی ڈائریکشن، اسکرپٹ، کاسٹ اور پرفارمنس کو خاصہ پسند کیا، یہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ایک بڑی کامیابی تھی۔
لندن نہیں جاؤں گا
لندن نہیں جاؤں گا بھی پاکستانی سینما کے لیے ایک کامیاب فلم ثابت ہوئی جس میں ہمایوں سعید، کبریٰ خان اور مہوش حیات نے مرکزی کردار نبھائے۔
10 جولائی 2022 کو ریلیز ہونے والی اس فلم کو دنیا بھر سے 53.58 کروڑ روپے کا بزنس ملا جبکہ پاکستانی باکس آفس میں یہ 29.48 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب رہی۔
اس فلم کی کہانی معروف لکھاری خلیل الرحمان قمر نے لکھی جبکہ ہدایات ندیم بیگ نے دیں۔
پنجاب نہیں جاؤں گی
یکم ستمبر 2017 کو ریلیز ہونے والی فلم پنجاب نہیں جاؤں گی میں ہمایوں سعید اور مہوش حایت کے علاوہ عروہ حسین مرکزی کرداروں میں تھیں۔
اس فلم نے کسی بھی پاکستانی فلم کے مقابلے میں ایک روز میں سب سے زیادہ بزنس کرتے ہوئے 2.80 کروڑ روپے کمائے۔
اس فلم کی اسکریننگ سے حاصل ہونے والی مجموعی کمائی 51.65 کروڑ روپے رہی۔
جوانی پھر نہیں آنی
جوانی پھر نہیں آنی کے نام سے ریلیز ہونے والی دونوں ہی فلموں کو مداحوں نے خاصہ پسند کیا۔
25 ستمبر 2015 کو ریلیز ہونے والے اس کے پارٹ عن نے دنیا بھر سے 49.44 کروڑ روپے کمائے۔
فلم کو واسع چوہدری نے لکھا جبکہ ہدایات ندیم بیگ نے دیں۔
فلم کی کاسٹ میں ہمایوں سعید، حمزہ علی عباسی، احمد علی بٹ، واسع چوہدری اور مہوش حیات شامل تھے۔
