قائد کے کانوں میں میرے خلاف زہر گھولا گیا، شیر افضل مروت
پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت منسوخ کردی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت منسوخ کردی، جس پر ان کا ردِ عمل بھی سامنے آگیا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر نوٹیفکیشن پوسٹ کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ شیر افضل مروت کی رکنیت نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی پر منسوخ کی گئی۔
پوسٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کمیٹی کے نتائج اور ان کے تازہ ترین بیانات اور موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر کمیٹی نے ان کی رکنیت ختم کرنے کی سفارش کی تھی جس کی بانی چیئرمین عمران خان نے منظوری دے دی ہے۔
ایڈیشنل سیکریٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ شیر افضل مروت کو پارٹی کے قواعد و ضوابط کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور وہ خود کو پارٹی قواعد و ضوابط سے بالاتر سمجھتے ہیں، جس سے پارٹی کا امیج اور پارٹی بیانیہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیاکہ کمیٹی کی فائنڈنگ اور تازہ ترین بیان اور موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر کمیٹی نے ان کی رکنیت ختم کرنے کی سفارش کی ہے، جس کی منظوری بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دے دی ہے۔
سنے بغیر یکطرفہ فیصلہ دیا گیا، شیر افضل
مذکورہ اقدام پر شیر افضل مروت نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں لیکن ایک بات واضح کر دوں خان کا سپاہی تھا، ہوں اور رہوں گا اور اپنی حیثیت میں لیڈر کی رہائی کی جو کوشش کر سکا کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں قومی اسمبلی کی نشست کے حوالے سے حلقے اور قبیلےکے لوگوں کواعتماد میں لوں گا۔
شیر افضل نے دعویٰ کیا کہ میرے قائد کے کانوں میں میرے خلاف زہر گھولا گیا ہے غلط فہمیاں پیدا کی گئی ہیں،میں کوشش کروں گا لیڈر سے مل کر اپنا مؤقف ان کے سامنے پیش کروں اور میں انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کروں گا اگر وہ مطمئن نہ ہوئے تو سیٹ ان کی امانت ہے اسی وقت واپس لوٹا دونگا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے میرا لیڈر جلد رہا ہوگا، پارٹی کے اندر کسی لیڈر یا کارکن کی میرے کسی فعل سے دل آزاری ہوئی ہو تو تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔
ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پارٹی رہنما میرے خلاف بیان بازی سے گریز کریں گے تاکہ باہمی احترام کے اصول پامال نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ میرے کوئی سیاسی عزائم نہیں لہذا اس فیصلے کا میرے مستقبل پر مثبت یا منفی اثر نہیں پڑے گا لیکن مجھے افسوس رہے گا کہ مجھے سنے بغیر میرے خلاف یک طرفہ فیصلہ صادر کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جون میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں شیر افضل مروت اور شاندانہ گلزار کی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی تھی۔
تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی نے دونوں رہنماؤں کی رکنیت ایک ماہ کیلئے معطل کی تھی۔
مارچ میں بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو اپنا فوکل پرسن مقرر کیا تھا تاہم پارٹی رہنماؤں کے باہمی اختلافات کے بعد ان سے یہ ذمہ داری چند ہفتوں بعد ہی واپس لے لی گئی تھی۔
-
اسکینڈلز 5 گھنٹے پہلے
شادی اور ماں بننے سے متعلق ایشوریا کا 29 سال پُرانا بیان وائرل
-
دلچسپ و خاص 5 گھنٹے پہلے
اہرامِ مصر کے اوپر سیٹلائٹس میں خلل کی وجہ سامنے آگئی
-
پاکستان 5 گھنٹے پہلے
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان
-
دلچسپ و خاص 6 گھنٹے پہلے
شوہر کی سالگرہ پر ملالہ کا محبت بھرا پیغام