پاکستان

جناح اور اقبال میں اختلافات کی حقیقت کیا؟

حامد میر نے تاریخی حقائق سے پردہ اٹھا دیا۔

Web Desk

جناح اور اقبال میں اختلافات کی حقیقت کیا؟

حامد میر نے تاریخی حقائق سے پردہ اٹھا دیا۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

ہم میں سے بہت سے لوگوں نے تاریخ کا مطالعہ صرف درسی کتابوں کے ذریعے ہی کیا ہوگا، شاید اسی لیے تاریخ کے کچھ غیرمعمولی حقائق اور واقعات اکثر ہماری نظروں سے اوجھل رہ جاتے ہیں۔

کیا آپ شاعر مشرق علامہ اقبال کی ذات سے جڑی اُن خوبیوں سے واقف ہیں جن کے سبب فیض احمدفیض جیسا لیفٹسٹ شاعر بھی علامہ اقبال کا معترف تھا؟

آج قیام پاکستان کو 7 دہائیوں سے زائد عرصہ گزر جانے کے بعد کچھ لوگ اقبال اور قائداعظم کے درمیان اختلافات تلاش کرنے میں مصروف ہیں، لیکن ان دعووں میں کتنی حقیقت ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔

سینئر صحافی حامد میر اپنے تازہ کالم میں لکھتے ہیں کہ لیفٹ اور رائٹ دونوں سوچوں کے لوگ تحریک پاکستان میں ساتھ ساتھ تھے، لیکن جب پاکستان بن گیا تو لیفٹ اور رائٹ نے ناصرف ایک دوسرے سے بلکہ آپس میں بھی لڑنا شروع کردیا۔

فیض اور اقبال کے تعلق سے جڑے ان کہے حقائق پر روشنی ڈالتے ہوئے حامد میر لکھتے ہیں کہ 1949 میں احمد ندیم قاسمی 'انجمن ترقی پسند مصنفین' کے سیکرٹری تھے۔ حکم ہوا کہ علامہ اقبال کو تباہ اور عصمت چغتائی، سعادت حسن منٹو اور ن۔م راشد کو ختم کردیا جائے۔ فیض صاحب نےاس حکم کوبک بک قرار دے کر مسترد کردیا۔ ایک دن قاسمی صاحب نے انجمن کےاجلاس میں علامہ اقبال کے خلاف ایک مقالہ پڑھا۔ فیض نے اس مقالے کو انتہا پسندی قرار دیا اور انجمن کو اقبال دشمنی سے منع کیا۔ ان کی نہ مانی گئی تو فیض انجمن سے علیحدہ ہوگئے۔

فیض نے ترقی پسندی کے نام پر اقبال کی مذمت سے انکار کیا اور پھر وہ وقت بھی آیا جب احمد ندیم قاسمی بھی اقبال کی عظمت کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوگئے۔

حامد میر نے ڈاکٹر سید تقی عابدی کی مرتب کردہ کتاب ’’فیض شناسی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کتاب میں فیض صاحب کے 22 انٹرویو شامل ہیں۔ ایک انٹرویو میں فیض نے علامہ اقبال کو اس دور کا آخری مفکر قراردیا ہے۔

آغا ناصر اپنی کتاب ’’ہم جیتے جی مصروف رہے‘‘ میں لکھتے ہیں کہ ایک دفعہ انہیں پتہ چلا کہ فیض احمد فیض صاحب علامہ اقبال کے فارسی کلام کے مجموعے ’’پیام مشرق‘‘کی کچھ منتخب غزلوں کا اردو ترجمہ کررہے تھے۔ آغا ناصر اور احمد فراز راولپنڈی کلب میں فیض صاحب کو ملے اور کہا کہ آپ تو خود اقبال کے ہم پلہ شاعر ہیں آپ کو اقبال کے فارسی کلام کا ترجمہ نہیں کرنا چاہیے۔ آغا ناصر لکھتے ہیں پہلے تو فیض صاحب ہماری رائے کو ہنسی مذاق میں ٹالتے رہے جب ہم باز نہ آئے تو انہوں نے کہا کہ آپ فضول باتیں کر رہے ہیں۔ اقبال کی اصل شاعری فارسی میں ہے اور یوں بھی ’’پیام مشرق‘‘ تو ہمارے مطلب کی شاعری ہے۔

اقبال اور جناح کے درمیان اختلافات؟

حامد میر کے بقول پاکستان میں علامہ اقبال کے ساتھ سب سےبڑا ظلم یہ ہوا ہے کہ انہیں صرف ایک شاعر کے طور پر پیش کیا گیا، جس نے پاکستان کا خواب دیکھا۔ 

علامہ اقبال نے اپنی زندگی کے آخری 2 برسوں میں قائد اعظم کی فرمائش پر پنجاب میں مسلم لیگ کو منظم کرنے کیلئے جو محنت کی اس سے صرف نئی نسل نہیں بلکہ وہ سینئر سیاستدان بھی بے خبر ہیں جو آج بھی مسلم لیگ کے مختلف دھڑوں کے ’’قائد‘‘ کہلاتے ہیں۔

عاشق حسین بٹالوی نے 1959ء میں لندن میں بیٹھ کر ’’اقبال کے آخری دوسال‘‘ کے نام سے ایک کتاب لکھی جس میںبتایا گیا کہ جداگانہ طرز انتخاب پر دو سال کے مختصر عرصے تک اختلافات کا شکار رہنے کے بعد اقبال اور قائد اعظم ایک دوسرے کے قریب کیسے آئے؟

دسمبر 1930ء میں خطبہ الٰہ آباد پیش کرنے کےکچھ عرصہ کے بعد علامہ اقبال 1931ء میں لندن آئے تو ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں قائد اعظم نے علامہ اقبال کی ستائش میں ایک فصیح تقریر کی ۔ یہ وہ زمانہ تھا جب قائد اعظم چند سال کیلئے لندن میں مقیم تھے۔

1932ء میں علامہ اقبال پھر لندن گئے اور اس مرتبہ بھی قائد اعظم سے ان کی ملاقاتیں ہوئیں۔جب قائد اعظم واپس ہندوستان تشریف لے آئے تو اپریل 1936ء میں لاہور آئے۔ قائد اعظم لاہور میں علامہ اقبال کو ملنے پہنچے تو شاعر مشرق نے دھوتی اور بنیان پہن رکھی تھی۔ خوش پوشاک قائد اعظم نے دھوتی اور بنیان میں ملبوس اقبال سے کہا کہ مسلم لیگ کو آپ کی مدد چاہیے۔

اقبال بیمار بھی تھے اور تنگ دستی کا بھی شکار تھے کیونکہ بیماری کے باعث وکالت چھوٹ گئی تھی۔ مگر جب قائد اعظم نے مدد مانگی تو اقبال نے کہا کہ میں کروڑ پتی سیٹھ تو نہیں لیکن عوام کو مسلم لیگ کے قریب لا سکتا ہوں۔ یہ سن کر قائد اعظم نے کہا کہ مجھے صرف عوام کی مدد درکار ہے۔ اس کے بعد علامہ اقبال کو مسلم لیگ کے پارلیمینٹری بورڈ میں شامل کیاگیا۔

12مئی 1936ء کو پنجاب مسلم لیگ کی تنظیم نو کی گئی جس میں علامہ اقبال صدر، غلام رسول خان سیکرٹری اور عاشق حسین بٹالوی جائنٹ سیکرٹری بنائے گئے۔ علامہ اقبال نے 1937ء کے انتخابات کیلئےپنجاب میں مسلم لیگ کا مجلس احرار اور اتحاد ملت سے اتحادکرایا۔ صرف چند ماہ کی بھاگ دوڑ کے بعد مسلم لیگ نے پنجاب میں 7 امیدوار کھڑے کیے جن میں سے 2 جیتے۔

بیماری سے ہلکان علامہ اقبال کو مسلم لیگ کی تنظیم سازی کیلئے فنڈز کی ضرورت تھی۔ عاشق حسین بٹالوی لکھتے ہی کہ علامہ اقبال ہمیں پنجاب کے بڑے بڑے جاگیرداروں کے پاس فنڈز کیلئےبھیجتے وہ یونینسٹ پارٹی کے خوف سے فنڈز نہیں دیتے تھےلیکن علامہ اقبال کی وجہ سے عام مسلمانوں میں مسلم لیگ کو بہت پذیرائی ملی اور اسی لئے 23مارچ 1940ء کا اجلاس لاہور میں ہوا لیکن اس وقت اقبال دنیا میں نہیں تھے۔

علامہ اقبال کی یہ محنت 1946ء کے الیکشن میں سامنے آئی جب مسلم لیگ پنجاب میں اکثریتی پارٹی بن گئی۔

اقبال اور قائداعظم کے اختلافات تلاش کرنے والوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حامد میر نے احمد سعید کی کتاب ’’اقبال اور قائداعظم‘‘میں درج ایک خوبصورت واقعہ تحریر کیا۔

یہ 1940ء کی بات ہے جب قائد اعظم نے لاہور میں یوم اقبال کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجھے سلطنت مل جائے اور کہا جائے کہ اب سلطنت اور اقبال میں سے کسی ایک کو منتخب کرو تو میں اقبال کو منتخب کروں گا۔

کالم کے آخر میں حامد میر لکھتے ہیں کہ آج ہمیں دھوتی اور بنیان والا اقبال تلاش کرنا ہے جو قائد اعظم کا ہیرو تھا۔

تازہ ترین