'ناسمجھ تھی'، پہلی فلم فلاپ ہونے پر جنت مرزا کا مؤقف
ٹک ٹاک سے بڑی اسکرین پر جانے کیلئے پرجوش تھی
ٹک ٹاکر اور اداکارہ جنت مرزا نے اپنی پہلی ہی فلم’تیرے باجرے دی راکھی’ فلاپ ہونے کی عجیب و غریب منطق پیش کردی۔
فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ کی ہدایت کاری سید نور نے کی تھی جس میں لیجنڈری اداکارہ صائمہ نور اور ٹک ٹاکر جنت مرزا نے اداکاری کی تھی۔ یہ فلم بُری طرح فلاپ ہوئی اور ٹک ٹاکر جنت مرزا ایک کامیاب فلمی اداکارہ نہ بن سکیں۔
فلم فلاپ ہونے پر جنت مرزا کا مؤقف:
ٹک ٹاکر جنت مرزا نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کئی موضوعات کو اپنی گفتگو میں شامل کیا۔
ٹک ٹاک سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی جنت مرزا نے جہاں اس پلیٹ فارم سے راتوں رات شہرت حاصل کی وہیں انہوں نے خود کو اداکاری کی دنیا میں بھی متعارف کروایا۔
جنت مرزا نے ٹک ٹاک کے دوران ہی اونچی اڑان بھرتے ہوئے ڈراموں اور میوزک کے بجائے ڈائریکٹ فلم میں بطور اداکارہ اپنی قسمت کو آزمایا جو بدقسمتی سے فلاپ ہوگئی۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ،’میرے خیال میں فلم کا اسکرپٹ تھوڑا کمزور تھا’۔
جنت مرزا کا کہنا تھا کہ’ ہدایت کار سید نور میرے انکل ہیں اور میں ان کی بہت عزت کرتی ہوں۔ انکی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی’ اچھی تھی لیکن اسکی کہانی دوڑتے گھوڑوں اور گن کے گرد گھومتی تھی جو آج کل کے حساب سے کافی پرانی ہے جبکہ کسی بھی فلم کو کامیاب بنانے کے لیے آپ کے پاس اپ ٹو ڈیٹ اسکرپٹ اور کہانی ہونی چاہیے۔’
جنت مرزا نے بتایا کہ جب انہیں فلم کی آفر ہوئی تو وہ ناسمجھ تھیں اور ٹک ٹاک پر ویڈیو بناتی تھیں تاہم اس آفر کے بعد چھوٹی اسکرین سے فوراً بڑی اسکرین پرجانا انکے لیے اعزاز کی بات تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’جب مجھے اس فلم کی آفر ہوئی تو میں نے کوئی ہوم روک نہیں کیا ہوا تھا اور یہ میرا ڈیبیو تھا یہی وجہ تھی کہ اس وقت مجھے فلم کرنے سے پہلے اسکرپٹ پڑھنے کا خیال نہیں آیا۔ لیکن میرا ماننا ہے کہ لوگ صرف اچھی کہانی کے لیے آتے ہیں، کبھی کبھی شاہ رخ خان کی فلمیں بھی نہیں چلتیں فلم کی کامیابی صرف اور صرف اسکرپٹس پر منحصر ہوتی ہیں۔
جنت مرزا کی اداکاری پر سید نور کا بیان:
واضح رہے کہ ایک حالیہ انٹرویو میں فلم ’تیرے باجرے دی راکھی’ کے ہدایت کار سیدنور کا کہنا تھا کہ، ’میں نے جنت مرزا کو اس لیے فلم میں لیا کیونکہ میرے ان کی فیملی کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور میں انہیں پسند کرتا ہوں، یہی وجہ تھی کہ ہم نے جنت مرزا کو بولڈ لباس پہننے یا بولڈ مناظر فلمانے پر بھی مجبور نہیں کیا۔ ہم نے انہیں اس لیے سائن کیا کیونکہ ہم چاہتے تھے کہ ان کے فالوورز آئیں اور فلم دیکھیں لیکن ہمایوں سعید یہ بات پہلے ہی کہہ چُکے تھے کہ لوگ نہیں آئیں گے اور لوگ واقعی نہیں آئے‘۔
سید نور کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسا اس لیے ہوا کیونکہ عام طور پر لوگ ٹک ٹاک مفت میں دیکھتے ہیں۔ جنت نے پہلے ہی اپنی زندگی میں بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں جس سے ان کے فالوورز ان کی کارکردگی سے فلم آنے سے پہلے ہی محظوظ ہوچکے ہیں۔




