وہ 7 بلاک بسٹر فلمیں جو عامر خان ٹھکرا کر پچھتائے
عامر کے انکار کے بعد شاہ رخ اور سلمان نے وہ فلمیں امر کردیں۔
بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان انڈسٹری میں کم لیکن بہترین کام کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔
عامر خان ایک طویل عرصے سے سال میں صرف ایک فلم کرنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں، جہاں ان کی 3 ایڈیٹس، دنگل، پی کے جیسی فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئی وہیں کچھ فلموں کو ناکامی کا منہ بھی دیکھنا پڑا۔
تاہم اداکار کے کام کرنے کے انتخاب نے انہیں چند ایسی فلموں سے محروم کردیا جو سپر ہٹ ثابت ہوئیں اور سلمان خان اور شاہ رخ خان کے کریئر کی یادگار فلمیں بن گئیں۔
یہاں ہم ان 7 مشہورِ زمانہ فلموں کا ذکر کررہے ہیں جو عامر خان کے انکار کے بعد شاہ رخ خان اور سلمان خان نے کیں اور خوب کامیابی سمیٹی۔
ڈر
شاہ رخ خان کا یش راج فلمز سے تعلق 1993 میں سائیکولوجیکل تھرلر فلم 'ڈر ‘ سے ہی شروع ہوا تھا جس میں انہوں نے ولن کے روپ میں راہول کا کردار نبھایا تھا۔
فلم میں راہول اپنی یک طرفہ محبت کے بعد کرن (جوہی چاولہ) کو حاصل کرنے کے لیے ہر حد تک جاتا دکھائی دیتا ہے، ان کے مدِ مقابل ہیرو کے کردار میں سنی دیول نظر آئے تھے۔
سوا 3 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی یہ فلم باکس آفس پر 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کمانے میں کامیاب رہی تھی۔
ڈر کی پیشکش اس وقت شاہ رخ خان کو ہوئی جب کئی نامور اداکاروں نے منفی چھاپ سے بچنے کے لیے ولن بننے سے انکار کردیا تھا جس میں عامر خان بھی شامل تھے۔
ہم آپ کے ہیں کون
'دیدی تیرا دیور دیوانہ'، جوتے دو پیسے لو' جیسے شہرہ آفاق گانوں والی سپر ہٹ فلم ہم آپ کے ہیں کون نے سلمان خان کے کیریئر کو دوام بخش دیا تھا۔
اس فلم میں مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ ان کی کیمسٹری اور رومانس نے مداحوں کے دلوں کو جیت لیا تھا۔
1994 میں ریلیز ہو کر 2 نیشنل ایوارڈ جیتنے والی اس فلم کا بجٹ صرف 6 کروڑ روپے تھا جبکہ کمائی 250 کروڑ روپے رہی۔
آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ فلم کی پیشکش سلمان سے پہلے عامر خان کو ہوئی تھی جنہوں نے اسکرپٹ پسند نہ آنے پر اس میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔
دل والے دلہنیا لے جائیں گے
1995 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کو اگر شاہ رخ خان اور کاجول کے کریئر کا ٹرننگ پوائنٹ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا، جس نے دونوں اداکاروں کو شہرت کی بلندی پر پہنچادیا تھا۔
متعدد ایوارڈز اپنے نام کرنے والی راج (شاہ رخ خان) سمرن (کاجول) کی دل والے دلہنیا لے جائیں گے ایسی آئیکونک فلم ثابت ہوئی جس کے نہ صرف گانے بلکہ ڈائیلاگز بھی آج تک بے انتہا مقبول ہیں۔
4 کروڑ روپے میں بننے والی اس فلم نے دنیا بھر میں 2 ارب روپے سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم میں راج کے کردار کی پیشکش شاہ رخ خان سے پہلے عامر خان کو کی گئی تھی جسے انہوں نے ٹھکرادیا تھا۔
دل تو پاگل ہے
1997 میں بالی وڈ انڈسٹری نے کئی ایسی فلمیں دیں جو بلاک بسٹر ثابت ہوئیں جس میں 'دل تو پاگل ہے' سرِ فہرست تھی۔
اس فلم میں مادھوی ڈکشٹ، کرشمہ کپور، شاہ رخ خان ایک لو ٹرائی اینگل میں نظر آئے جبکہ فلم میں اکشے کمار نے بھی کردار ادا کیا تھا۔
9 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت سے بننے والی اس فلم نے باکس آفس پر 71 کروڑ روپے کمائے اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔
اس فلم میں شاہ رخ خان نے راہول کی صورت میں سامنے آئے تھے جس کی پیشکش پہلے عامر خان کو کی گئی تھی۔
محبتیں
سال 2000 میں ریلیز ہونے والی میوزیکل رومانٹک ڈرامہ فلم کو ادیتیا چوپڑا نے تحریر اور ڈائریکٹ کیا تھا۔
اس فلم میں امیتابھ بچن نے ایک سخت گیر کالک پرنسپل کا کردار نبھایا تھا جبکہ اسی کالج کے ایک ٹیچر شاہ رخ خان ان کی بیٹی ایشوریہ کے محبوب نظر آئے تھے جو والد کی مخالفت کے سبب خود کشی کرلیتی ہے۔
13 کروڑ میں بننے والی اس فلم نے 90 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا اور سپر ہٹ ثابت ہوئی، جس کے بارے میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ شاہ رخ کا نبھایا گیا کردار پہلے عامر خان کو آفر ہوا تھا۔
سوادیس
2004 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں شاہ رخ خان کی بطور موہن پرفارمنس کو بے حد سراہا گیا تھا۔
فلم میں شاہ رخ کی ہیروئن کا کردار گائیتری جوشی نے نبھایا لیکن فلم کی کہانی زیادہ تر اداکار کے گرد ہی گھومتی رہی۔
25 کروڑ روپے میں بننے والی اس فلم کا بزنس 34.6 کروڑ روپے رہا اور اس فلم کے لیے بھی فلمسازوں کی پہلی پسند عامر خان ہی تھے۔
بجرنگی بھائی جان
جہاں اب تک آپ عامر خان کی ٹھکرائی گئی بلاک بسٹر فلموں کے نام جان کر حیران ہوئے ہوں گے وہیں 'بجرنگی بھائی جان' نے آپ کی حیرت میں مزید اضافہ کردیا ہوگا۔
2015 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم اپنی اسٹوری لائن کے سبب سرحد کے دونوں اطراف میں بے حد پسند کی گئی تھی۔
فلم میں سلمان خان نے ایک بھولے بھالے لڑکے کا کردار نبھایا تھا جو قوتِ گویائی سے محروم پاکستانی بچی کو اس کے گھر واپس پہنچانے کے لیے کسی خطرے کی پرواہ نہیں کرتا۔
75 سے 90 کروڑ کے بجٹ میں بننے والی یہ فلم تقریباً 9 ارب 70 کروڑ روپے کما کر اب تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ساتویں ہندی فلم ہے۔
اس فلم میں پون کمار (سلمان خان) کا کردار پہلے عامر کو کرنے کی پیشکش ہوئی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔


