سنیدھی چوہان 'ٹُری جاندی' کی فین
گلوکارہ نے گانے کو میکرز کی حیران کُن تخلیق قرار دیدیا
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی میوزک شو ‘کوک اسٹوڈیو سیزن 15‘ کے گانوں نے دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈز قائم کردیے۔
اپنے پہلے گانے ‘آئی آئی‘ سے شاندار انٹری کے بعد کوک اسٹوڈیو سیزن 15 نے اپنے ہر گانے کی ریلیز بعد سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا جس کی تعریف نہ صرف پاکستانی بلکہ انٹرنیشنل پوٹیوبرز بھی اپنی ‘ای ایکشن ویڈیوز‘ میں کرتے نظر آئے۔
پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش سمیت یورپی ممالک کے یوٹیوبرز نے بھی ‘سب ٹائیٹلز‘ کی بدولت کوک اسٹوڈیو کے تمام گانوں پر ری ایکشن دیتے ہوئے اِن گانوں کو ‘نیٹ فلکس‘ کی طرز پر بننے والی سیریز اور فلموں سے مشابہ قرار دیا اور کوک اسٹوڈیو پاکستان کو ‘کوک اسٹوڈیو انٹرنیشنل' کہہ ڈالا۔
سنیدھی چوہان 'ٹُری جاندی' کی فین
حال ہی میں بھارت کی نامور گلوکارہ سنیدھی چوہان، راج شامانی کی پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی پرسنل لائف سے لیکر پروفیشنل لائف سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔
اسی پوڈکاسٹ کے دوران گلوکارہ کی جانب سے کوک اسٹوڈیو پاکستان کے گانے ‘ٹری جاندی‘ کے حوالے سے کی جانے والی گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
گلوکارہ شازیہ منظور اور حسن رحیم کی میوزک ویڈیو ‘ٹری جاندی‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئےسنیدھی چوہان کا کہنا تھا کہ ‘میں گانے کی ویڈیو دیکھ کر حیران ہوگئی کہ میکرز نے یہ کیسے سوچا‘۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ‘میں نے گانا سن کر اپنے شوہر کو بھی گانا سننے کیلئے کہا، گانا جتنا خوبصورتی سے لکھا گیا اتنی ہی خوبصورتی سے فلمایا بھی گیا ہے یعنی آپ گانا سنتے ہوئے محظوظ تو ہوتے ہی ہیں لیکن جب ویڈیو دیکھتے ہیں تو کسی اور دنیا میں پہنچ جاتے ہیں جوکہ غیر یقینی بات ہے‘۔
گلوکارہ کی بات کو جاری رکھتے ہوئے پوڈکاسٹر راج کا کہنا تھا کہ ‘بالکل ایسا ہی ہے، گانا کچھ اس طرح کا ہے کہ آپ سوچتے ہیں کہ یہ ایک الگ دنیا ہے اور آپ نہ چاہتے ہوئے بھی اس دنیا کا حصہ بنتے جارہے ہوتے ہیں، گانے کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے‘۔
ذلفقارعرف زلفی کا گلوکارہ کو اظہارِ تشکر
سنیدھی چوہان کی جانب سے تعریفی کلمات سننے کے بعد کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کے خالق اور پاکستان کے مقبول ترین موسیقار و گلوکار ذوالفقار جبار خان عرف زلفی نے گلوکارہ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ویڈیو کے کیپشن میں زلفی کا کہنا تھا کہ ‘گانے ٹُری جاندی میں ہمارے کام کی تعریف کرنے کے لیے میں سنیدھی چوہان کا شکر گزار ہوں اور ان سے کہنا چاہوں گا کہ بحیثیتِ پاکستانی ہم بھی آپ کے کام کے معترف ہیں‘۔
زلفی کامزید کہنا تھا کہ ‘اِس مختصر کلپ نے میرا دن بنا دیا، بلاشبہ ایک مشہور فنکار کی جانب سے دوسرے فنکار کی تعریف کرنا بہت بڑی بات ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ‘ کسی بھی فنکار کی عاجزانہ فطرت دراصل اس کی طاقت ہوتی ہے اور سنیدھی جوکہ اپنی گلوکاری سے دنیا کو گرویدہ کیے ہوئی ہیں، اُن کی جانب سے کوک اسٹوڈیو پاکستان کی تعریف کرنے پر میں ان کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔
زلفی کی پوسٹ پر کمنٹ سیکشن میں جواب دیتے ہوئے سنیدھی چوہان کا کہنا تھا ‘اچھا کام ہمیشہ سر چڑھ کر بولتا ہے، میری جانب سے کوک اسٹوڈیو کی ٹیم کو ڈھیر سارا پیار‘۔
گلوکارہ شازیہ منظور کا ردِعمل
بھارتی گلوکارہ سنیدھی چوہان کی تعریف پر پاکستان کی لیجنڈری گلوکارہ شازیہ منظور بھی خاموش نہ رہ سکیں اور انہوں نے بھی اس میں اپنا حصہ ڈالا۔
ٹری جاندی کے بارے میں
تقریباً ایک ماہ قبل ریلیز ہونے والے کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کے گانے ‘ٹری جاندی‘ کوگلوکارہ شازیہ منظور کی جاندار آواز اور گلوکار حسن رحیم کی ‘جین زی‘ وائبز کی وجہ سے صرف یوٹیوب پر ہی اب تک 11 ملین سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں۔
گانا ٹائم ٹریول کی تھیم پر فلمایا گیا ہے جہاں گلوکارہ شازیہ منظور ایک اسٹرونگ لڑکی کی بات کرتے ہوئے اس کے سفر کو بیان کرتی نظر آرہی ہیں کہ:
ٹری جاندی، ٹری جاندی اے (چلتی جارہی ہے، چلتی جارہی ہے)
جیویں سب جاندی (جیسے سب جانتی ہے)
گڈیاں پھلانگدی (زندگی کے مشکل راستوں کو پار کرتی ہوئی)
گڈی ویکھو کتھے کتھے جاندی ہے (راستوں سے لا علم، خود کی تلاش میں چلتی ہوئی)
دل نوں بھلان لئی (اپنی ہار کو مان کر )
خوشیاں کمان لئی (خوشیوں کی تلاش میں نئی راستوں پر گامزن)۔
-
اسکینڈلز 4 گھنٹے پہلے
شادی اور ماں بننے سے متعلق ایشوریا کا 29 سال پُرانا بیان وائرل
-
دلچسپ و خاص 5 گھنٹے پہلے
اہرامِ مصر کے اوپر سیٹلائٹس میں خلل کی وجہ سامنے آگئی
-
پاکستان 5 گھنٹے پہلے
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان
-
دلچسپ و خاص 6 گھنٹے پہلے
شوہر کی سالگرہ پر ملالہ کا محبت بھرا پیغام