بالی ووڈ

سلمان خان کا ڈانس دیکھ کر فرح خان کیوں رو پڑیں؟

میں نے سلمان کو کہا تمہیں کوئی ڈانس نہیں سِکھا سکتا، فرح خان

Web Desk

سلمان خان کا ڈانس دیکھ کر فرح خان کیوں رو پڑیں؟

میں نے سلمان کو کہا تمہیں کوئی ڈانس نہیں سِکھا سکتا، فرح خان

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ کے بھائی جان سلمان خان ایکٹنگ سے زیادہ اپنے دبنگ انداز کی وجہ سے فینز میں مقبول ہیں۔

1989 میں فلم 'میں نے پیار کیا' سے کریئر کا آغاز کرنے والے سلمان خان اپنے فلمی کریئر کے ابتدائی دنوں میں گانوں پر کھل کر رقص کرنے میں کسی حد تک ہچکچاتے نظر آتے تھے۔

بعدازاں سلمان خان پر گانے اُن کی شخصیت کے مطابق فلمائے جانے لگے تاہم آج بھی ڈانس ایک ایسی چیز ہے جس پر سلمان خان کو اکثر ٹرول کیا جاتا ہے۔

بالی وڈ انڈسٹری کی نامور ہدایتکار اور کوریوگرافر فرح خان نے ایک پروگرام میں اس بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار انہیں سلمان خان کو کچھ ڈانس اسٹیپس سکھانے کا ٹاسک دیا گیا تھا اور مسلسل 4 گھنٹے تک انہیں ڈانس سکھانے کی کوشش کرنے کے بعد فرح خان نے ہار مان لی۔

فرح خان نے کہا کہ 'مجھے سلمان کو ان کے کسی اسکرین ٹیسٹ کے لیے ڈانس سکھانے کو کہا گیا تھا، مسلسل 4 گھنٹے کوشش کے بعد میں رو پڑی اور وہاں سے بھاگ نکلی'۔

انہوں نے بتایا کہ 'میں نے سلمان خان کو کہا کہ تمہیں کوئی ڈانس نہیں سکھا سکتا، تم ڈانس سِرے سے جانتے ہی نہیں'۔

فرح خان نے اعتراف کیا کہ جب سلمان خان کو 'میں نے پیار کیا' کے لیے کاسٹ کیا گیا تو وہ واقعی حیران رہ گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 'جب مجھے معلوم ہوا کہ فلم میکرز نے سلمان خان کو منتخب کرلیا ہے تو میں حیران رہ گئی اور جب میں نے فلم دیکھی تو میں یہ دیکھ کر اور بھی حیران رہ گئی کہ انہوں نے کتنی شاندار اداکاری کی'۔

بعدازاں فرح خان نے بالی وڈ کے کئی سُپرہٹ گانوں میں سلمان خان کو بطور کوریوگرافر ڈانس سکھایا۔

ایک انٹرویو میں فرح خان نے بتایا کہ 'دبنگ' فلم کے مشہور گانے 'منی بدنام ہوئی' میں سلمان خان کا ڈانس ان کے پسندیدہ ہک اسٹیپس میں سے ایک ہے جس میں سلمان خان نے ملائیکہ اروڑہ کے ساتھ ڈانس کیا۔

فرح خان نے فلم 'مجھ سے شادی کروگی' کے گانے 'جینے کے ہیں چار دن' میں تولیے کے ساتھ سلمان خان کے ڈانس کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سیٹ پر تولیہ خود اپنے ساتھ لے کر آئی تھیں۔