سامنتھا سے طلاق کے بعد ناگا چیتنیا نے منگنی کرلی
تصاویر میں ناگا چیتنیا اور اداکارہ سوبھیتا ڈھولیپالا کو بنے سنورے دیکھا جاسکتا ہے۔
ساؤتھ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ سامنتھا روتھ پربھو کے سابقہ شوہر و اداکار ناگا چیتنیا نے منگنی کرلی۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں بھارتی اداکار ناگا چیتنیا اور اداکارہ سوبھیتا ڈھولیپالا کو بنے سنورے دیکھا جاسکتا ہے۔
اپنی منگنی کے بڑے دن ناگا چیتنیا نے سفید شلوار قمیص کا انتخاب کیا جبکہ سوبھیتا ڈھولیپالا نے ہلکی گلابی ساڑھی کا انتخاب کیا۔
اداکارہ نے اس ساڑھی کے ساتھ جوڑے میں بالوں کو قید کیا، ہلکے میک اپ اور سادہ، نازک پُروقار جیولری کے ساتھ اپنے لُک کو مکمل کیا۔
ناگا چیتنیا کے والد نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ’ہمیں اپنے بیٹے ناگا چیتنیا کی سوبھیتا ڈھولیپالا سے منگنی کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ منگنی کی تقریب کا انعقاد آج صبح 9:42 بجے ہوا جس میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی، ہم سوبھیتا ڈھولیپالا کو اپنے خاندان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔‘
پیغام کے آخر میں انہوں نے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘دونوں کیلئے زندگی بھر کی محبت اور خوشی کی خواہش کرتے ہیں۔
ناگا چیتنیا اور سوبھیتا ڈھولیپالاکے تعلقات کی افواہیں 2022 میں اس وقت گردش کرنے لگیں جب لندن کے ایک ریسٹورنٹ میں دونوں ستاروں کو ایک ساتھ دیکھا گیا۔
جون میں یورپ میں ان کی چھٹیوں کی خوشگوار تصاویر نے بھی سوشل میڈیا پر خوب تہلکہ مچایا۔
خیال رہے کہ تیلگو سنیما کے اداکار ناگا چیتنیانے اداکارہ سامنتھا روتھ پربھو سے سال 2017 میں شادی کی جو بدقسمتی سے طلاق پر ختم ہوگئی ۔
طلاق کے بعد اداکارہ کو کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا، اداکارہ نے اس مشکل لمحات سے خود کو نکالنے کے بعد زندگی میں لوٹنے کا ارادہ کرنے کے ساتھ ہی اپنے ساتھی اداکار وجے دیوراکونڈا کے ساتھ خوبصورت جھلکیاں شیئر کرنا شروع کردیں، ان دونوں کی کیمسٹری کو ناصرف مداحوں نے محسوس کیا بلکہ انہیں ایک ساتھ دیکھ کر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
بات کی جائے اگر سوبھیتا ڈھولیپالا کی تو وہ ویب سیریز ’میڈ اِن ہیون‘ میں اداکاری کرتی نظر آئیں۔
انہوں نے تمام زبانوں کی فلموں میں ہی اداکاری کی، وہ بالی وڈ فلموں جیسے رامن راگھو 2.0، کالاکانڈی، شیف، دی باڈی اور گھوسٹ اسٹوریز میں اپنی فناکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
سوبھیتا ڈھولیپالا مقبول سیریز ’میڈ ان ہیون‘ کے دوسرے سیزن میں بھی نظر آئیں۔ انہوں نے ہالی وڈ کی ایکشن تھرلر فلم منکی مین سے ڈیبیو کیا۔