وائرل اسٹوریز

لوکارنو فلم فیسٹول میں کنگ خان کی مزاح سے بھرپور تقریر وائرل

شاہ رخ خان کو 77ویں لوکارنو فلم فیسٹیول میں کریئر اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Web Desk

لوکارنو فلم فیسٹول میں کنگ خان کی مزاح سے بھرپور تقریر وائرل

شاہ رخ خان کو 77ویں لوکارنو فلم فیسٹیول میں کریئر اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اداکار نے ایوارڈ لینےکے بعد ایک مزاحیہ سی تقریر کی۔
اداکار نے ایوارڈ لینےکے بعد ایک مزاحیہ سی تقریر کی۔

بالی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے اداکار شاہ رخ خان کو 77ویں لوکارنو فلم فیسٹیول میں کریئر اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سوئٹزر لینڈ کے شہر لوکارنو میں منعقد ہونے والے اس فلم فیسٹیول میں شاہ رخ خان کے تقریباً 8 ہزار مداحوں کا بڑ امجمع موجود تھا۔

اس موقع پر اداکار سیاہ شرٹ کوٹ اور ٹراؤزر میں ملبوس لمبے بالوں کے ہیئر اسٹائل کے ساتھ نظر آئے۔

ایوارڈ لینے کے بعد ان کی مزاح سے بھرپور تقریر نے مداحوں کو خاصہ محظوظ کیا جس کے ویڈیو کلپس اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

شاہ رخ خان نے ایوارڈ وصول کرتے ہی اس کے وزن کا مذاق اڑاتے ہوئے حاضرین کو قہقہ لگانے پر مجبور کردیا۔

گرم موسم میں پسینے میں شرابور ہوتے ہوئے انہوں نے لوکارنو میں ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک 'خوبصورت، ثقافتی، فنکارانہ، اور انتہائی گرم شہر کے طور پر بیان کیا۔

ساتھ ہی کہا کہ بہت سارے لوگ ایک چھوٹی سی جگہ پر ٹھسے ہوئے ہیں یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے بھارت میں اپنے گھر میں ہوں۔

ان کی تقریر کے دوران ایک مداح نے ہجوم سے چیخ کر 'میں تم سے پیار کرتی ہوں' کہا جس کے جواب میں شاہ رخ نے کہا کہ 'میں بھی تم سے پیار کرتا ہوں'۔

سنجیدہ تقریر کے بعد یہ تمام مزاحیہ باتیں جاری رہیں جس پر اداکار کہتے ہوئے سنائی دیے کہ 'یہ لوکارنو فلم فیسٹیول ہے، ہم سب کو دانشور جیسا لگنے کی ضرورت ہے، ٹھیک ہے؟'

انہوں نے مزید کہا کہ 'میرا دن بہت اچھا رہا، کھانا اچھا رہا، میری اٹالین زبان بھی بہتر ہو رہی ہے، اسی طرح میرا کھانا پکانا بھی'۔

پھر انہوں نے اطالوی زبان میں ایک جملہ کہا اور ساتھ ہی اس کا ترجمہ بھی کیا کہ 'میں پاستا اور پیزا بھی بنا سکتا ہوں، جو میں یہاں لوکارنو میں سیکھ رہا ہوں۔'

اپنے تقریر ختم کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ میں اپنے دل کی گہرائیوں سے اور بھارت کی جانب سے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ نمسکار اور دھنیاواد (ہیلو، شکریہ) خدا آپ سب کو خوش رکھے۔