’مفاسا: دا لائن کنگ‘ کا ٹریلر،کنگ خان کی آواز پھر دکھا گئی کمال
کنگ خان نے پھر سے ڈزنی کے مفاسا کو اپنی آواز دیدی
بھارتی اداکار شاہ رخ خان نے ایک مرتبہ پھر والٹ ڈزنی کے مقبول ترین کارٹون ’دی لائن کنگ‘ کی لائیو ایکشن فلم ’مفاسا‘ کو اپنی آواز کے تحفے سے نواز دیا۔
شاہ رخ خان کو انکے چاہنے والے ان کی صرف آواز سے ہی پہچان سکتے ہیں اور اسی آواز کا جادو اکثر شاہ رخ خان غیر ملکی فلموں کو ہندی میں ڈب کر کے جگاتے ہیں۔
شاہ رخ خان نے سال 2019 میں فوٹو ریئیلیسٹک انیمیٹڈ میوزیکل ڈراما ’دا لائن کنک‘ میں ’مفاسا‘ کے کردار کو اپنی آواز دی تھی جبکہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے جوان ’سمبا‘ کی ڈببنگ کی تھی۔
خیال رہے کہ مفاسا اور سمبا 'دا لائن کنگ' کے مرکزی کرداروں کے نام ہیں، جس کا لائیو ایکشن ریمیک 19 جولائی 2019 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیاگیا۔
اب ’دا لائن کنگ‘ کا پریکوئل رواں سال 20 دسمبر کو ریلیز کیا جارہا ہے جس میں مفاسا کے بچن کی کہانی دکھائی جائیگی۔
ٹریلر کا ہندی ورژن ’والٹ ڈزنی انڈیا‘ کے یوٹیوب پیج پر جاری کیا گیا جس کا کُل دورانیہ 2 منٹس 35 سیکنڈز ہے جس میں مفاسا کی وہ عمر دکھائی گئی ہے جو ’دا لائن کنگ‘ میں ننھے سمبا کی دکھائی تھی۔
ٹریلر سے اخذ کی گئی کہانی:
ٹریلر میں ننھے سے مفاسا کی سوتیلے بھائی و جنگل کے بادشاہ کے بیٹے اسکار سے پہلی ملاقات دکھائی گئی جس کے بعد وہ اسے اپنے ساتھ لیکر آجاتا ہے اور اپنی والدہ سے ملواتا ہے۔
اسکار کا نام ٹاکا دکھایا گیا جسکو ماں کہتی ہے کہ ’تمہیں پتا ہے کہ بادشاہ کبھی نہیں اپنائیں گے ایک آوارہ کو‘ جس پر مفاسا کہتا ہے کہ ’میں کوئی آوارہ نہیں ہوں، میں تو بس کھو گیا ہوں‘۔
بادشاہ سے مفاسا کی پہلی ملاقات بھی دکھائی گئی جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’ہم اجنبیوں کو منہ نہیں لگاتے اور ٹاکا مستقبل کا بادشاہ ہے ہمیں اس کی جان کی حفاظت کرنی ہوگی‘ اس پر ٹاکا کہتا ہے ’پر بابا میں نے اس کی جان بچائی ہے‘۔
اس کے بعد کہانی میں ٹاکا اور مفاسا کے رشتے کو مضبوط ہوتے دکھایا گیا اور ٹاکا نئے دوست مفاسا سے کہتا ہے کہ ’پتا ہے مجھے ہمیشہ سے ایک بھائی چاہئے تھا‘۔
ایسے ہی ایک ساتھ بچپن گزارتے ہوئے دونوں جوان ہوتے دکھائے گئے اور پھر ٹاکا کی ماں نے دونوں کو نصیحت کی کہ ’جہاں تم اور ٹاکا ساتھ ہو، وہیں گھر ہے، جاؤ زندگی کی ڈور کا اپنا سرا ڈھونڈ لو‘۔
سفر پر ساتھ روانہ ہونے والے بھائیوں کے خلاف سازش چلنے والا ایک سفید شیر ’کہتا ہے کہ ’ڈور ٹوٹ گئی ہے اب ایک ہی ہوگا جنگل کا راجہ‘ اور اسکے بعد دونوں بھائیوں کو مختلف مشکلات کا ایک ساتھ مقابلہ کرتے دکھایا گیا۔
لیکن دونوں کی لڑائی کہاں سے شروع ہوئی اس بات کو جاننے کیلئے فلم بینوں کو 20 دسمبر کا انتظار ہے کہ جب ’مفاسا:دا لائن کنگ‘ سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔




