خواتین

قدرتی چمک کے لیے بیسن کا استعمال کریں

جلد پر جمے میل کچیل کو صاف کرنے کی بے پناہ صلاحیتیں بیسن میں موجود ہیں۔

Web Desk

قدرتی چمک کے لیے بیسن کا استعمال کریں

جلد پر جمے میل کچیل کو صاف کرنے کی بے پناہ صلاحیتیں بیسن میں موجود ہیں۔

فوٹو:گوگل
فوٹو:گوگل

بیسن (چنے کا آٹا) کا شمار اُن قدرتی اجزاء میں ہوتا ہے جو کیل مہاسوں، جلد کے داغ دھبوں اور دیگر مسائل کے حل کے لیے انتہائی مفید سمجھے جاتے ہیں۔ بیسن کی یہ خاصیت اسے قدیم زمانے سے حسن و خوبصورتی کے لیے ایک لازمی جزو بنائے رکھتی ہے۔ 

ماحولیاتی آلودگی اور جلد پر جمے میل کچیل کو صاف کرنے کی بے پناہ صلاحیتیں بیسن میں موجود ہیں۔ یہ نہ صرف جلد کی گہرائی تک صفائی کرتا ہے بلکہ ایک بہترین ایکسفولیٹر (جلد کو صاف کرنے والا) بھی ہے۔ قدیم زمانے میں دلہنوں کو خاص طور پر بیسن سے اسکرب کیا جاتا تھا تاکہ ان کی جلد قدرتی طور پر چمک اٹھے۔

بیسن کے استعمال سے آپ بھی وہی قدرتی چمک حاصل کر سکتے ہیں جو پرانے وقتوں کی دلہنوں کی خصوصیت تھی۔ دلہنوں کے اسکرب میں بیسن کے ساتھ چاول کا آٹا، پسے ہوئے بادام، دہی اور ہلدی شامل کی جاتی تھی۔ 

اس مکسچر سے تیار کردہ اسکرب جسم کو صاف اور نرم و ملائم بنا دیتا تھا۔ اسی لیے، قدرتی چمک کے حصول کے لیے بیسن آج بھی ایک اہم جزو سمجھا جاتا ہے۔

بیسن خشک جلد کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔ اگر آپ کی جلد خشک ہے تو 2 کھانے کے چمچ بیسن میں دودھ یا بالائی، شہد اور ایک چٹکی ہلدی شامل کر کے پیسٹ تیار کریں۔

 اس پیک کو چہرے پر 15 منٹ کے لیے لگائیں اور پھر پانی سے دھولیں۔ یہ فیس پیک جلد کو نمی فراہم کرتا ہے اور اسے نرم و ملائم بناتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خشک جلد کو نرم و ملائم بنانا اب ہوا آسان

چکنی جلد کے لیے بھی بیسن انتہائی مؤثر ہے۔ بیسن اضافی تیل کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جلد کو چمکدار بناتا ہے۔ ایک سادہ فیس پیک تیار کرنے کے لیے بیسن میں چند قطرے عرق گلاب شامل کریں اور اس کو چہرے اور گردن پر لگائیں۔ جب یہ خشک ہو جائے تو نیم گرم پانی سے دھولیں۔ اس پیک کو آپ دودھ یا دہی کے ساتھ بھی ملا کر استعمال کر سکتی ہیں۔

کیل مہاسے اور دانوں کے لیے بیسن کے فیس پیک کو روزانہ کی بنیاد پر استعمال کریں۔ شہد میں موجود جراثیم کش خصوصیات کی وجہ سے ایکنی اور پمپلز کا علاج ممکن ہے۔ آپ بیسن میں صندل پاوڈر، ہلدی پاوڈر اور عرق گلاب مکس کر کے ایک پیک بنا سکتی ہیں۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے آپ ایکنی اور پمپلز سے نجات پا سکتی ہیں۔

جلد کے داغ دھبوں کے لیے بیسن میں کھیرے کا رس شامل کر کے پیسٹ تیار کریں اور اسے چہرے پر لگائیں۔ جب یہ خشک ہو جائے تو نیم گرم پانی سے دھولیں۔ یہ پیک دن میں ایک بار لگانے سے داغ دھبوں کو مٹانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

جھلسی ہوئی جلد کے لیے بیسن، لیموں کا رس اور ہلدی کو ملا کر ایک پیسٹ تیار کریں اور اس میں عرق گلاب شامل کریں۔ اس پیک کو چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے کے بعد دھولیں۔ اس کا روزانہ استعمال آپ کی رنگت کو نکھارنے اور جلد کو دلکش بنانے میں مدد کرے گا۔

بیسن کا یہ سادہ اور قدرتی استعمال آپ کی جلد کی خوبصورتی کو نکھارنے کے لیے بہترین طریقہ ہے۔

تازہ ترین