علی ظفر کی پہلی ’اے آئی’ میوزک ویڈیو کی دھوم
علی ظفر نے نئی آواز متعارف کرادی
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے اپنی پہلی اے آئی میوزک ویڈیو میں ایک گلوکارہ ’نرملا’ کو متعارف کرا دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گلوکار علی ظفر نے ویڈیو شیئر کی جسکے ساتھ لکھے طویل کیپشن میں گلوکار نے اے آئی سے تیار کردہ میوزک ویڈیو کا احوال سنا دیا۔
مذکورہ ویڈیو کے ذریعے گلوکار علی ظفر نے نہ صرف سندھ کے دور دراز علاقے تھرپارکر کے ٹیلنٹ کو دنیا تک پہنچایا بلکہ انہوں نے اپنے لیبل لائٹنگیل ریکارڈز کے تحت تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نرملا کے پہلے گانے "رنگ رسیا" کو ریلیز کرکے تمام رکاوٹیں توڑدی ہیں۔
پوسٹ کے کیپشن میں علی ظفر نے بتایا کہ،’ کچھ سال پہلے، مجھے یوسف صلاح الدین کی طرف سے واٹس ایپ پر ایک گانے کا ڈیمو موصول ہوا، جس میں نرملا سے میرا تعارف کرایا گیا تھا، میں فوری طور پر نرملا کی آواز اور کمپوزیشن کی مہارت سے متاثر ہوگیا تھا۔’
علی ظفر نے بتایا کہ،’مجھے یہ جان کر مزید تحریک ملی کہ یہ باصلاحیت نوجوان لڑکی، جو سندھ کے دور دراز صحرا میں رہتی ہے جہاں زندگی کی بنیادی سہولتیں، خصوصاً پانی کی کمی ہے اور جہاں موسیقی خاص طور پر لڑکیوں کے لیے ایک ممنوعہ سمجھا جاتا ہے، اپنے بھائی کے مکمل تعاون کے ساتھ، موسیقی کے شوق کو پورا کر رہی ہے۔’
علی ظفر نے بتایا کہ’ نرملا کے شوق اور عزم کو دیکھ کرمیں نے ان سے وعدہ کیا کہ میں ان کے گانے کی ریکارڈنگ، پروڈکشن کرونگا اور ساتھ ہی ایک میوزک ویڈیو بھی بناؤنگا،جب گانے کی پروڈکشن مکمل ہو گئی تو میں نے سوچ لیا تھا کہ ہمیں اس گانے کی ویڈیو کے لیے واقعی کچھ خاص بنانا ہے۔’
گلوکار نے نرملا کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ،’نرملا، اپنے خوابوں کی پیروی کرتی رہو اور کبھی ہمت نہ ہارو۔’
خیال رہے کہ نرملا کے خواب کو پورا کرنے کیلئے گلوکار نے اپنے کالج کے دنوں کی یاد تازہ کی، جب وہ 2002 میں اپنے تھیسس کے لیے ڈیجیٹل آرٹ اور پینٹ کے امتزاج کے امکانات کو تلاش کر رہے تھے۔اگرچہ آج 2024 میں دنیا بدل چکی ہے اور اے آئی کے کچھ حدود ہیں اور اس کے لیے بے پناہ وقت درکار ہوتا ہے،جس طرح اس ویڈیو کو بنانے میں ہفتوں لگے لیکن علی ظفر کا ماننا ہے کہ اے آئی آرٹ کی دنیا میں مستقبل کا اہم حصہ بنے گا۔
دوسری جانب گانے کی ریلیز پر گلوکارہ نرملا نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بیان نہیں کر سکتی کہ میں کتنی خوش ہوں، تمام تعاون کے لیے علی بھائی کی بہت مشکور ہوں۔
واضح رہے کہ ائٹنگیل ریکارڈز کی جانب سے جاری کردہ یہ ویڈیو پاکستان میں موسیقی اور آرٹ کے مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اے ائی میوزک ویڈیو بنا کر علی ظفر نے ایک انوکھا اور مسحور کن تجربہ تیار کیا ہے جو تخلیقی صلاحیتوں کی حدود کو آگے بڑھاتا ہے۔




