پاکستان

پی آئی اے کی پروازوں میں ویڈیو، فوٹوز بنانے پر پابندی

پابندی کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

Web Desk

پی آئی اے کی پروازوں میں ویڈیو، فوٹوز بنانے پر پابندی

پابندی کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

جہاز میں ویڈیوز، تصاویر بنانے پر پابندی کے اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔
جہاز میں ویڈیوز، تصاویر بنانے پر پابندی کے اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔

ملک کی قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے پروازوں کے دوران موبائل فون سے تصویریں کھینچنے اور بلاگنگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پابندی پر ابتدائی طور پر عمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

 یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران مسافروں کی جانب سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس پر پی آئی اے حکام نے دوران پرواز جہاز میں تصاویر و ویڈیوز بنانے پر پابندی اور اس کی روک تھام کے لئے مہم تیز کر دی۔

معلوم ہوا ہے کہ حکام کے نوٹس لینے کے بعد سے جہاز کے اندر فضائی عملے کی جانب سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی ممانعت کے اعلانات کیے جارہے ہیں کہ پاکستان کے ایوی ایشن رولز کے تحت جہاز کے اندر دوران سفر فوٹوگرافی کی اجازت نہیں ہے۔

طیاروں میں مسافروں کی پرائیویسی اور کسی بھی قسم کے حادثات سے بچنے کے لیے فوٹو گرافی پر ممانعت ہے، دنیا بھر میں تمام ایئرلائنز کی جانب سے دوران سفر ویڈیوز اور تصاویر بنانے کی ممانعت ہے

رپورٹس کے مطابق دوران پرواز دیگر مسافروں کی ویڈیو بنانے یا تصاویر لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔

جہاز پر مسافروں کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوصلہ شکنی کے ضمن میں پی آئی اے نے مسافروں کو پابندی کی یاد دہانی کے باقاعدہ اعلانات جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ایئر لائن کے مطابق پرواز کے دوران ساتھی مسافروں، کسی واقعہ اور کوئی ایسی ویڈیو یا تصاویر جو ہراسانی اور غیر اخلاقی حدود کے زمرے میں آتی ہو اس عمل کو کیمرے میں محفوظ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی پروازوں خصوصاً ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران فوٹو گرافی پر سختی سے پابندی ہوگی۔

پی آئی اے ذرائع نے بتایا کہ یہ پابندی مسافروں کے تحفظ اور بغیر اجازت ویڈیوز بنانے، فوٹو گرافی کرنے سمیت کسی بھی ہنگامی صورت حال کو روکنے کے لیے لگائی گئی ہے۔