شاہ صاحب کبھی کراچی آئیں، اداکار کو سندھی پر تبصرہ مہنگا پڑگیا
بھارتی معروف اداکار نصیر الدین شاہ کو پاکستان میں سندھی زبان کے استعمال سے متعلق مضحکہ خیز بیان دینا مہنگا پڑگیا۔
نصیر الدین شاہ ان دنوں اپنی ویب سیریز ’تاج‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں اور آئے دن اپنے ایک نہ ایک نئے بیان کی وجہ سے سرخیوں کا بھی باقاعدگی سے حصہ بن رہے ہیں۔
حال ہی میں اداکار نے اپنی ویب سیریز کے پروموشن شو میں پاکستان میں سندھی زبان کے استعمال پر ایسا بیان دے دیا کہ سوشل میڈیا صارفین اس بیان کی مخالفت میں میدان میں آگئے اور انکو حقیقت سے روشناس کروادیا۔
نصیر الدین نے اپنے بیان میں کہا کہ ’اردو زبان اب صرف بھارت میں ہی بولی جاتی ہے، دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک میں اس زبان کا استعمال کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے، پاکستان میں بھی اردو کا استعمال کم ہوگیا ہے کیونکہ وہاں بلوچی، سرائیکی اور پنجابی زیادہ بولی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ پاکستان میں اردو سے زیادہ پنجابی بولی جاتی ہے اور اب سندھی تو بولی ہی نہیں جاتی‘۔
نصیر الدین شاہ کے اس بیان پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انکو بولنے سے پہلے سوچنے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’پاکستان میں سندھی بولی جاتی ہے، ہمارے ہاں سندھی زبان میں ٹی وی چینلز ہیں جس میں سندھی زبان میں ہی خبریں اور انٹرٹینمنٹ کا مواد ہوتا ہے، بہت ہی احترام کے ساتھ کہہ رہی ہوں کہ نصیر الدین صاحب آپ پہلے تحقیق کرلیں‘۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’کیا کوئی نصیر الدین شاہ کو یہ بتا سکتا ہے کہ سندھ میں سندھی زبان ہی بولی جاتی ہے، میں انکو کراچی ائیرپورٹ آنے کی دعوت دینا چاہوں گی جہاں اردو سمیت پاکستان کی دیگر زبانوں میں سے سندھی ہی سب سے زیادہ بولی جاتی ہے، یقین جانیے بالی ووڈ کے اداکاروں کا پاکستان کے حوالے سے زیادہ معلومات رکھنے کی کوشش سے اکتا گئی ہوں، آپ سب اپنے شعبے پر نظر رکھیں اور صرف اپنی فلمز کے بارے میں ہی بات کریں‘۔
ایک اور ٹوئٹر صارف نے نصیر الدین شاہ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہ جی نے صرف لاہور اور کراچی دیکھا اور پاکستان سمجھا ہے‘۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بھارتی کہانی نویس و شاعر جاوید اختر نے بھی پاکستان کی قومی زبان اردو کے حوالے سے بیان دیا تھا کہ ’اردو پاکستان کی نہیں بلکہ بھارت کی زبان ہے‘ جس پر انکو بھی پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
