کینسر سے جنگ جیتنے والی ماہیما چوہدری کی حنا خان سے ملاقات
حنا خان اور ماہیما چوہدری کا درد سانجھا، سہیلیاں بن گئیں
بالی وڈ کی سابقہ اداکارہ اور بریسٹ کینسر کو ہرانے والی ماہیما چوہدری بھارتی اداکارہ حنا خان سے ملنے اور انکی حوصلہ افزائی کیلئے ہسپتال پہنچ گئیں۔
ماہیما چوہدری نے 1997 میں سنیما گھروں کی زینت بننے والی فلم ’پردیس‘ سے بالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھا۔
ماہیما چہودری نے شاہ رخ خان کے مد مقابل خوب مقبولیت حاصل کی تھی، پھر یکے بعد دیگرے ماہیما کو فلمیں ملتی چلی گئیں جو انہیں سپر اسٹار بنا گئیں۔
ماہیما چوہدری کی مشوہر فلموں میں ’دھڑکن‘ ، ’دل کیا کرے‘ ، ’لجّا‘ ، ’دل ہے تمھارا‘ ، ’یہ تیرا گھر یہ میرا گھر‘ اور ’باغبان‘ شامل ہیں۔
ماہیما چوہدری نے سال 2022 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کا علاج مکمل ہوچکا ہے۔
انہوں نے یہ خبر ایک جذباتی ویڈیو کے ذریعے شیئر کی جسے اداکار انوپم کھیر نے پوسٹ کیا تھا۔
اداکارہ نے بتایا تھا کہ سالانہ صحت کے چیک اپ میں انہیں کینسر کا پتا چلا جس کے بعد انہیں کیموتھراپی اور باقاعدہ چیک اپ کروانا پڑا لیکن فی الحال وہ کینسر سے صحت یاب ہوچکی ہیں اور دوبارہ کام شروع کر چکی ہیں۔
بریسٹ کینسر سے مکمل طور پر صحتیاب ہونے والی ماہیما نے کینسر کا شکار حنا خان سے ہسپتال میں ملاقات کی جس کی تصاویر حنا خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں ماہیما حنا کو گلے لگائے بیٹھی نظر آئیں۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے حنا خان نے لکھا کہ ’یہ تصویر میرے سب سے پہلے کیموسیشن کے دن کی ہے جب یہ فرشتہ جیسی خاتون نے ہسپتال پہنچ کر مجھے سرپرائز دیا، وہ پورے وقت میرے لیے وہاں موجود تھیں، میری حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرتی رہیں اور میرے ایک مشکل راستے پر چلنے سے قبل روشنی کرتی رہیں جس پر مجھے چلنا تھا، وہ ایک ہیرو ہیں ایک بہترین انسان بھی ہیں‘۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’ انہوں نے میرے لیے وقت نکالا اور اس بات کو یقینی بنانا چاہا کہ جو سفر انکےلیے مشکل بنا میرے لیے آسان بنے، انہوں نے میری روح کو ہمت دلوائی اور ہر قدم پر مجھے پُرسکون محسوس کروایا، انکے سفر میں پہنچنے والی مشکلات میرے لیے سبق ہیں، انکی محبت اور فکر میرے لیے بینچ مارک بن چکا ہے اور انکی ہمت میری زندگی کا ہدف‘۔
حنا خان نے لکھا کہ ’ہم دونوں اچھی سہیلیاں بن چکے ہیں اور اپنی اس سفر کی باتیں شیئر کرتے ہیں لیکن وہ مجھے کبھی ایسا محسوس نہیں ہونے دیتیں کہ میں اس سفر میں اکیلی ہوں، آپ ہمیشہ اسی طرح بے مثال اور خوبصورت رہئے، سالگرہ مبارک ہو‘۔




