انڈیا

بھارتی طیارہ ہائی جیکنگ، لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد کیا ہوا؟

40 برس قبل بھارتی طیارہ ہائی جیک ہونے کی سنسنی خیز داستان

عمار احمد

بھارتی طیارہ ہائی جیکنگ، لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد کیا ہوا؟

40 برس قبل بھارتی طیارہ ہائی جیک ہونے کی سنسنی خیز داستان

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

آج سے ٹھیک 40 برس قبل24 اگست 1984 کو بھارت میں کالعدم آل انڈیا سکھ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے 7 دہشتگردوں نے انڈین ایئرلائن کے طیارے 'آئی سی 421' کو ہائی جیک کر لیا تھا۔

یہ پرواز دیلی ایئرپورٹ سے براستہ چندی گڑھ، سری نگر جارہی تھی جس میں 74 مسافر سوار تھے۔

جیسے ہی یہ پرواز چندی گڑھ ایئرپورٹ پر رکی تو مسافروں کے بھیس میں جہاز پر سوار یہ ساتوں دہشتگرد کاک پٹ میں گھس گئے۔

یہ دہشتگرد کرپان (چھوٹے چاقو) سے لیس تھے اور ان سب کی عمریں 30 سال سے کم تھیں، انہوں نے پائلٹ سے طیارہ امریکہ لے جانے کا مطالبہ کیا لیکن اتنے طویل سفر کیلئے ناکافی ایندھن کیوجہ انہوں نے پائلٹ کو جہاز کا رخ پاکستان کے شہر لاہور کی جانب موڑنے کا کہا۔

لاہور جانے سے قبل ہائی جیکروں نے پائلٹ کو طیارہ امرتسر لے جا کر گولڈن ٹیمپل کے اوپر 2 چکر کاٹنے پر مجبور کیا۔

گولڈن ٹیمپل سکھ مذہب کی مرکزی عبادت گاہ سمجھی جاتی ہے جس پر اُسی سال جون میں بھارتی فوج نے انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران چھاپہ مارا تھا، جسے آپریشن بلیو اسٹار کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

ہائی جیک ہونے والا طیارہ جیسے ہی پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تو لاہور ایئرپورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے اسے لینڈ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا اور رن وے بھی بلاک کر دیا۔

جہاز میں ایندھن کم تھا، جس کی وجہ سے پائلٹ کے پاس محدود وقت اور محدود آپشنز تھے، لاہور کے اوپر 80 منٹ تک چکر کاٹنے کے بعد بالآخر ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے اسے لینڈ کرنے کی اجازت دیدی۔

لاہور میں لینڈنگ اِس ہائی جیکنگ کا اہم موڑ ثابت ہوئی، جب یہ بھارتی طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر کھڑا تھا تو بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی نے صدرِ پاکستان جنرل ضیاء الحق سے درخواست کی کہ اس جہاز کو لاہور سے دوبارہ اڑان بھرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

بھارتی حکومت کا خیال تھا کہ ہائی جیکرز کے پاس کرپانوں کے علاوہ کوئی ہتھیار نہیں ہے اس لیے پاکستانی فورسز طیارے کو گھیر کر بہت آسانی سے دہشتگردوں کو سرینڈر کرنے پر مجبور کرسکتی ہیں۔

ہائی جیکروں نے 5 مسافروں کو طیارے سے اترنے کی اجازت دی اور پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ طیارے میں دوبارہ ایندھن بھرا جائے تاکہ اسے امریکہ لے جایا جاسکے۔

پاکستانی حکام نے طیارے میں ایندھن بھرنے پر رضامندی ظاہر کی لیکن متنبہ کیا کہ طیارہ اتنی دور تک پرواز نہیں کر سکے گا، تاہم اس دوران ایک ہائی جیکر نے اچانک ریوالور نکال لی اور پائلٹ کو جہاز اڑانے پر مجبور کردیا۔

اس حوالے سے پرواز میں سوار ایک برطانوی جوڑے نے دعویٰ کہ لاہور ایئرپورٹ پر پاکستانی حکام نے ہائی جیکروں کو کاغذ میں لپٹا ہوا ایک پیکٹ دیا تھا جس میں ممکنہ طور پر ریوالور موجود تھی۔

اسی بنیاد پر بھارت اِن ہائی جیکروں کو ریوالور فراہم کرنے کا الزام پاکستان پر عائد کرتا ہے۔

لاہور سے روانہ ہوتے ہی ہائی جیکرز نے پائلٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ جہاز کو بحرین لے جائیں، تاہم پائلٹ نے ناموافق موسمی حالات کے باعث جہاز بحرین لے جانے سے انکار کردیا-

چناچہ ہوائی جہاز کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا، جب یہ جہاز کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا تو ہائی جیکرز نے برطانوی پاسپورٹ رکھنے والی 2 خواتین کو طیارے سے باہر جانے کی اجازت دے دی۔

کراچی ایئرپورٹ پر اِس طیارے میں مزید ایندھن ڈالا گیا، بعدازاں طیارے نے ٹیک آف کیا اور دبئی کی جانب روانہ ہوگیا۔

دبئی میں حکام نے ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک اس بھارتی طیارے کو لینڈنگ کی اجازت نہ دی، انہوں نے ہوائی اڈے کی لائٹس اور ریڈیو بیکن کو بھی بند کر دیا تاکہ پائلٹ لینڈنگ کی کوشش نہ کر سکیں۔

جہاز میں فیول ختم ہوتا جارہا تھا، کچھ دیر بعد پائلٹ کی جانب سے دبئی حکام کو آگاہ کیا گیا کہ اگر لینڈنگ کی اجازت نہ دی گئی تو مجبوراً طیارہ دبئی کے سمندر میں اتارنا پڑے گا۔

بالآخر دبئی ایئرپورٹ کے حکام کی جانب سے طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دیدی گئی جب طیارے میں ایندھن مکمل ختم ہونے میں محض 5 منٹ باقی رہ گئے تھے، اس وقت جہاز کو ہائی جیک ہوئے 22 گھنٹے گزر چکے تھے۔

اس کے بعد متحدہ عرب امارات کی حکومت اور ہائی جیکرز کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے۔

ہائی جیکروں کا مطالبہ تھا کہ انہیں امریکہ یا لندن جانے کی اجازت دی جائے تاہم متحدہ عرب امارات کی حکومت نے انہیں 2 آپشنز دیے، یا تو متحدہ عرب امارات کے قانون کے تحت ٹرائل کا سامنا کریں یا پھر اُن پر مقدمہ چلانے کے لیے انہیں واپس بھارت بھیجا جائے۔

متحدہ عرب امارات کے سخت قوانین کے بجائے ہائی جیکرز کو بھارت میں مقدمے کا سامنا کرنا اور چند سال قید کی سزا کاٹنا زیادہ آسان لگا اور انہوں نے بالآخر غیرمشروط طور پر سرینڈر کردیا۔

بعد ازاں متحدہ عرب امارات کے حکام نے طیارے پر سوار مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرکے اِن ہائی جیکرز کو بھارت کے حوالے کر دیا۔

تازہ ترین