پاکستان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی

نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا

Web Desk

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی

نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستان میں مسلسل تیسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں 1.86 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.32 روپے کمی کی گئی ہے۔

کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 259.10 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت کم ہو کر 262.75 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں 2.15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2.97 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

قبل ازیں میڈیا رپورٹس میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ یکم ستمبر سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں فی لیٹر 5 تا 6 روپے کمی کا امکان ہے، جس کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 82.50 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 80.4 ڈالر فی بیرل پر آچکی ہے، اسی طرح ڈیزل 90.30 ڈالر فی بیرل کے مقابلے میں 88 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی تیل کی قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

14 اگست کو اپنے آخری جائزے میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 8.47 روپے اور 6.70 پیسے فی لٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 260.96 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 266.7 پیسے ہو گئی تھی۔

یاد رہے کہ اس وقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 78 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، تاہم تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) صفر ہے۔

حکومت دونوں مصنوعات پر 60 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے جبکہ پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 18 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی بھی لے رہی ہے۔

مزید برآں آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کو فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن کی مد میں تقریباً 17 روپے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین