پاکستان

کارساز حادثےکی فوٹیج فرانزک کیلئے پنجاب بھیج دی گئی

سندھ کی لیبز میں جدید آلات کی کمی ہے، تفتیشی افسر

Web Desk

کارساز حادثےکی فوٹیج فرانزک کیلئے پنجاب بھیج دی گئی

سندھ کی لیبز میں جدید آلات کی کمی ہے، تفتیشی افسر

حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے۔
حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے۔

کارساز حادثے کے جائے وقوع سے ملنے والی سی سی ٹی وی (کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن) فوٹیج کو فرانزک تجزیے کے لیے پنجاب بھیج دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ملزمہ نتاشا دانش نے 19 اگست کو نشے کی حالت میں اپنی ٹویوٹا لینڈ کروزر کو لاپرواہی سے چلا کر  60 سالہ عمران عارف اور ان کی بیٹی 22 سالہ آمنہ کو قتل جبکہ تین افراد کو زخمی کردیا تھا۔

جس پر ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے حراست میں لے لیا گیا تھا اور یورین ٹیسٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ حادثے کے وقت ملزمہ آئس کے زیر زثر تھی۔

پیر کو کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ (شرقی) محمد رضا انصاری نے کی جس میں تفتیشی افسر پیش ہوئے جبکہ ملزمہ نتاشا سینٹرل جیل برائے خواتین، کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئی۔

سماعت میں عدالت نے سی آر پی سی کی دفعہ 540 کے تحت ایک درخواست کو منظور کیا جس میں وکیل دفاع نے عدالت میں مشتبہ شخص کی ذاتی طور پر حاضری سے ایک دن کی استثنیٰ کی درخواست کی تھی۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر (شرقی) محمد یونس کا ملزمہ کی عدم حاضری کے بارے میں کہنا تھا کہ ممکن ہے یہ استثنیٰ 'سیکیورٹی خدشات' کی وجہ سے دیا گیا ہو۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس، 1965 کی دفعہ 100 (شراب یا منشیات کے زیر اثر گاڑی چلانا) کو ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج فرانزک تجزیہ کے لیے پنجاب بھیج دی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ صوبہ سندھ کی لیبز میں جدید ترین آلات کی کمی کی وجہ سے فوٹیج سندھ پولیس کے معمول کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو بھیجی گئی ہے۔

مزید برآں، نتاشا کے برطانوی ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کے لیے یو کے ہائی کمیشن کو بھی خط لکھا گیا ہے۔

تفتیشی افسر نے یہ بھی بتایا کہ عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے علاقے کی متعلقہ یونین کونسل اور ٹریفک ڈی آئی جی کو خطوط بھیجے گئے تھے اور ان کے جوابات کا ابھی انتظار ہے۔

جب عدالت نے واقعے میں عبدالسلام سمیت زخمی افراد کی حالت دریافت کی تو تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ان کی حالت میں بہتری آئی ہے اور ان کے زخموں کی تفصیلات فراہم کیں۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے عبوری چالان پیش کرنے کے لیے مزید 14 روز کی مہلت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ خطوط کے جوابات زیر التوا ہیں۔

بعدازاں تفتیشی افسر کی درخواست پر عدالت نے تین دن کی مہلت دیتے ہوئے عبوری چالان 5 ستمبر تک جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

تازہ ترین