وائرل اسٹوریز

عمران خان جیل میں نوکیا 3300 استعمال کرتے ہیں، خواجہ آصف

وہ سارا دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہیں، رہنما مسلم لیگ (ن)

Web Desk

عمران خان جیل میں نوکیا 3300 استعمال کرتے ہیں، خواجہ آصف

وہ سارا دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہیں، رہنما مسلم لیگ (ن)

وزیر دفاع و رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ زیرِحراست سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں نوکیا 3300 استعمال کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے یہ دعویٰ نجی ٹی چینل پر معروف صحافی و اینکرپرسن عاصمہ شیرازی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران کیا۔

میڈیا اور سوشل میڈیا پر آئے روز عمران خان کے جاری بیانات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ‘میں بھی جیل میں رہا ہوں، وہاں انسان خود کو بڑا اکیلا محسوس کرتا ہے، وہ (عمران خان) تو خیر اکیلے نہیں ہیں، سارا سارا دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘عمران خان جیل میں نوکیا 3330 سے بھی استعمال کرتے ہیں جوکہ دنیا کا محفوظ ترین موبائل فون سمجھا جاتا ہے، ہمیں تو گفتگو کرنے کیلئے ہی کوئی بندہ نہیں ملتا تھا، ہم مشقتی سے ہی باتیں کرلیتے تھے’۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم گزشتہ ایک برس سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، انہیں 5 اگست 2023 کو توشہ خانے سے حاصل کردہ تحائف اپنے ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے پر جیل بھیجا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان جیل میں اپنے شب و روز اپنی ایکسرسائز بائیک پر ورزش کرنے، مطالعہ کرنے میں اور غور و فکر میں گزارتے ہیں۔

رواں برس جون میں وفاقی حکومت نے عمران خان کے اڈیالہ جیل میں کمرے کی تصاویر سپریم کورٹ میں پیش کر دی تھیں جس کے مطابق عمران خان کو جیل میں کتابیں، ایئر کولر، ٹی وی اور ورزش کا سامان سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئیں ہیں۔

تصاویر میں دیکھا گیا کہ عمران خان کے کمرے میں ایئر کولر، ایل ای ڈی، اسٹڈی ٹیبل، کرسی اور میٹریس کی سہولت موجود ہے جبکہ انہیں ورزش کی مشین بھی فراہم کی گئی ہے۔

عمران خان کے سیل کے باہر ایک راہداری ہے جہاں انہیں دن میں 2 مرتبہ چہل قدمی کرنے کی سہولت میسر ہے۔

اُن کے سیل میں ایک علیحدہ کچن بھی موجود ہے، علاوہ ازیں اُنہیں ڈرائے فروٹس، چنے، بادام، کولڈ ڈرنکس اور چاکلیٹس بھی دستیاب ہیں۔ 

گزشتہ ماہ یہ دعویٰ بھی سامنے آچکا ہے کہ عمران خان کو جیل میں اپنی من پسند خوراک فراہم کی جاتی ہے۔

جیل ذرائع کے مطابق انہیں تینوں ٹائم حسب فرمائش کھانا فراہم کیا جاتا ہے، کھانا تیار کرنے کے لیے 2 مشقتی دیے گئے ہیں جو ماہر باورچی بھی ہیں۔

تاہم یہ پہلی بار ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کسی رہنما کی جانب سے عمران خان کے جیل میں موبائل استعمال کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔