انفوٹینمنٹ

ڈراما ’کبھی میں کبھی تم’ کی رباب آخر ہیں کون؟

اداکارہ اس سے قبل بھی اپنی کردار سے خوب داد سمیٹ چکی ہیں

ایمن ملک

ڈراما ’کبھی میں کبھی تم’ کی رباب آخر ہیں کون؟

اداکارہ اس سے قبل بھی اپنی کردار سے خوب داد سمیٹ چکی ہیں

ڈراما ’کبھی میں کبھی تم’ کی رباب آخر ہیں کون؟

اگر آپ بھی ڈراموں کے شوقین ہیں تو ہر جانب دھوم مچانے والا ڈراما سیریل ’کبھی میں کبھی تم’ کی کہانی سے تو ضرور ہی واقف ہونگے۔

طویل عرصے بعد ڈراموں میں کم بیک کرنے والے اداکار  فہد مصطفیٰ عرف مصطفیٰ اور ہانیہ عامر عرف ’شرجینا’ کی آن اسکرین جوڑی کو جہاں مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے وہیں اس ڈرامے میں ولن کا کردار ادا کرنے والی جوڑی بھی مداحوں کی توجہ سمیٹتی نظر آرہی ہے۔

’کبھی میں کبھی تم’ کی کہانی:

اس ڈرامے کی کہانی ایک لا ابالی لڑکے ’مصطفیٰ‘ کے گرد گھومتی ہے جو اپنی دنیا میں مگن  ہونے کے باوجود جب شادی کے رشتے میں بندھتا ہے تو  روایتی مردوں سے ہٹ کر اپنی بیوی کی عزت اور وقار کیلئے ہر حد سے گزر جانے کیلئے تیار ہوجاتا ہے۔

شرجینا کی شادی قبل ازیں مصطفیٰ کے بڑے بھائی عدیل سے طے ہوئی تھی جوکہ ایک کامیاب بزنس مین ہے، تمام تیاریاں ہونے کے بعد شادی سے ایک دن قبل عدیل نے شرجینا سے شادی کیلئے محض اس لیے انکار کیا کیونکہ اسے کمپنی کے مالک کی اکلوتی بیٹی رباب نے شادی کیلئے پرپوز کردیا۔

کہانی میں اس وقت ٹوئسٹ آیا جب شرجینا کو اپنانے کیلئے مصطفیٰ نے نہ صرف ہامی بھری بلکہ اسکی محبت اور عزت کیلئے اپنے گھر والوں کے سامنے بھی کھڑا ہوگیا۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

محبت اور ٹوئسٹ سے بھر پور اس کہانی کے حالیہ چند اقساط کو دیکھنے کیلئے ناظرین اپنے دل تھامے بیٹھے تھے۔

 اور شاید یہی وجہ ہے کہ اس رومانوی ڈرامے کی شہرت پاکستان تک محدود نہیں رہی، بلکہ یہ ٹائٹل بھارت اور بنگلہ دیش سمیت کئی ممالک میں ٹرینڈ کر رہا ہے۔

ڈرامے میں رباب کا کردار ادا کرنے والی حسینہ آخر ہیں کون؟

ڈراما سیریل ’کبھی میں کبھی تم’ میں عدیل کی اہلیہ رباب کے کردار سے مشہور گندمی رنگت، لمبے بال، دراز قد اور نازک نین نقش والی حسن کی ملکہ کوئی اور نہیں بلکہ اداکارہ نعیمہ بٹ ہیں جو رہتی تو امریکہ میں ہیں تاہم انکی دھوم پاکستان میں مچی ہوئی ہے۔

 اداکارہ نعیمہ بٹ امریکا میں مقیم ہیں  لیکن پاکستان شوبز انڈسٹری کا حصہ بنی نظر آتی ہیں۔

34 سالہ نعیمہ بٹ سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنی ذاتی و پیشہ وارانہ زندگی سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

نعیمہ بٹ بطور سوشل میڈیا اسٹار:

اداکارہ، مصنفہ اور ڈائریکٹر  نعیمہ بٹ نہ صرف اداکاری میں اپنی مثال آپ ہیں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتے ہوئے سب کی توجہ سمیٹتی نظر آتی ہیں۔

اداکارہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی بات کریں  تو اندازہ ہوتا ہے کہ فیشن کی دلدادہ نعیمہ بٹ کو گھومنے پھرنے اور مختلف چیزیں اکسپلور کرنے کا بے حد شوق ہے۔

نعیمہ بٹ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اب تک 798 پوسٹس شیئر کی گئی ہیں جن میں انکے فوٹو اینڈ ویڈیو شوٹس کے علاوہ، ڈراموں کے وائرل کلپس بھی شامل ہیں جو صارفین کو بےحد پسند آتے ہیں۔

جبکہ اداکارہ نعیمہ بٹ کو 1 لاکھ 70 ہزار لوگوں نے فالو کیا ہو ہے  اور خود انہوں نے 3 ہزار 720 لوگوں کو فالو بیک کیا ہے۔

سانولی رنگت اور مشکلات:

خوبصورتی میں اپنی مثال آپ اداکارہ نعیمہ بٹ اگر چہ کہ ہر لحاظ سے قابل تعریف ہیں تاہم انکی رنگت نے انہیں انڈسٹری میں کافی مشکلات سے دوچار کیا۔

اگرچہ کہ ہمارا معاشرا گوری رنگت کا دلدادہ ہے تاہم اداکارہ نعیمہ بٹ نے اپنی سانولی رنگت کے ساتھ ہی اپنے فن کا لوہا منواکر اس تاثر کا گلا گھونٹ دیا۔کیونکہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اُن اداکاروں کے ساتھ تعصب چھپایا نہیں جاتا جو اصل میں گندمی رنگت رکھتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں  اداکارہ نعیمہ بٹ نے اپنے گندمی رنگ کی وجہ سے انڈسٹری میں درپیش مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک شوٹنگ کے دوران سیٹ پر بات چیت ہو رہی تھی کہ سب نے رنگ گورا کرنے والے انجیکشنز لگوا رکھے ہیں، اور اگر آپ کو مرکزی کردار کرنا ہے تو یہ انجیکشن لازمی ہیں ورنہ  آپ کو سائیڈ رول ملیں گے۔

اداکارہ کے اہم پراجیکٹس:

اسی رنگت کے باوجود اداکارہ نعیمہ بٹ نے اہم پراجیکٹس کا حصہ بن کر اس تعصب کو اپنے لیے ختم کردیا، ڈراما سیریل ’عہدِ وفا’ سے لے کر ’کبھی میں کبھی تم’ تک نعیمہ بٹ لیڈ رول میں نظر آئیں۔

ڈراما عہد وفا:

اداکارہ نعیمہ بٹ اپنے کیرئیر میں کئی  اہم پراجیکٹس کا حصہ رہی ہیں  جس میں ڈراما "عہدِ وفا" سرفہرست ہے۔

نعیمہ بٹ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
نعیمہ بٹ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

یہ ڈراما  2019 کا بلاک بسٹر پاکستانی ایکشن رومینٹک ڈراما ہے جسے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز اور ایم ڈی پروڈکشنز کے تحت مومنہ درید نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا۔جبکہ بے انتہا پسند کیا جانے والا یہ ڈراما دوستوں کی زندگیوں اور ان کے خوابوں کے گرد گھومتی کہانی پر مبنی ہے۔

اس ڈرامے میں نعیمہ بٹ کا نام بھی شامل تھا جنہوں نے غزالہ کا کردار اس انداز نے نبھایا کہ مداحوں کے دلوں میں گھر کرلیا۔

ڈراما ’فراڈ’

نعیمہ بٹ کی ڈراما لسٹ میں بلاک بسٹر سیریل ’فراڈ’ بھی شامل ہے جسے ناظرین کی جانب سے کافی پزیرائی ملی۔

نعیمہ بٹ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
نعیمہ بٹ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

اس ڈرامے میں نعیمہ بٹ (طوبیٰ)، میکال ذوالفقار (شان) کی سوتیلی بہن کا کردار نبھاتی نظر آئیں  جبکہ اس ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں احسن خان (شجی)، صبا قمر، اسما عباس، محمود اسلم ودیگر شامل فنکار بھی شامل تھے۔

ڈراما سیریل ’جندو’:

ان کے  تمام ڈراموں کی فہرست میں قابل تعریف ڈراما سیریل ’جندو’  کو کون فراموش  کرسکتا ہے؟

اس ڈرامے میں نعیمہ بٹ نے  حمائمہ ملک کے مدمقابل  شانو کا کردار اس انداز سے نبھایا کہ صارفین رشک کر اٹھے۔

جندو میں اداکارہ کا یہ ڈائیلاگ مداحوں کو بے حد پسند آیا۔

’عشق سیکھنا نہیں پڑتا جس کو لگ جائے وہ عاشق، اور جس سے لگے وہ محبوب،بس عشق کی اتنی سے پڑھائی ہے، لیکن تیسرا جو بھی آتا ہے وہ نبھاتا نہیں بلکہ بس جتاتا ہے۔ اور جو عشق میں ہار گیا وہ عاشق’۔

ڈراما ’میں خواب بنتی ہوں’:

جبکہ نعیمہ بٹ کو ڈراما سیریل ’میں خواب بنتی ہوں’ میں آرین کے مرکزی کردار میں بھی خوب پسند کیا گیا۔

نعیمہ بٹ کی فنکارانہ صلاحیتوں کا قصہ یہیں ختم نہیں ہوا بلکہ ٹیلی ویژن کے علاوہ نعیمہ  بٹ نے ویب سیریز ’وہم’میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔علاوہ ازیں نعیمہ بٹ کو بھارت کی ایک ملیالم فلم میں بھی کام کرنے کا تجربہ ہے۔

نعیمہ بٹ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
نعیمہ بٹ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

اداکارہ کے بقول وہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں کام کرنے کی وجہ سے آڈینس کا مزاج سمجھتی ہیں۔ اور شاید یہی وجہ ہے کہ  جندو میں شانو کا دیہاتی دلکشی، کبھی میں کبھی تم میں رباب کا بااختیار جذبہ، اور عہد وفا میں غزالہ کا لچکدار دل، زندگی کے تمام شعبوں میں امیر، دیہی،غریب غرض سے ہر کردار کو زندگی بخشنے کا فن نعیمہ بٹ میں کوٹ کوٹ کر بھر اہوا ہے۔