فلم / ٹی وی

کنگنا رناوت کی فلم 'ایمرجنسی' کو ایک اور دھچکا

عدالت کا فوری سینسر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی ہدایت دینے سے انکار

Web Desk

کنگنا رناوت کی فلم 'ایمرجنسی' کو ایک اور دھچکا

عدالت کا فوری سینسر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی ہدایت دینے سے انکار

فلم ایمرجنسی اندرا گاندھی کی زندگی پر مبنی ہے۔
فلم ایمرجنسی اندرا گاندھی کی زندگی پر مبنی ہے۔

بمبئی ہائی کورٹ نے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کو کنگنا رناوت کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'ایمرجنسی' کے لیے فوری طور پر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی ہدایت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

عدالت نے سینسر باڈی سے کہا کہ وہ 18 ستمبر تک کسی بھی اعتراض یا نمائندگی پر فیصلہ کرے۔

فلم ایمرجنسی کے شریک پروڈیوسر زی اسٹوڈیو کی جانب سے دائر درخواست پر دو ججز پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔

'خیال رہے کہ کنگنا رناوت کی فلم 'ایمرجنسی' سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی زندگی پر مبنی ہے، جسے کنگنا رناوت نے لکھا، ڈائریکٹ اور پروڈیوس کیا ہے۔

یہ فلم 6 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی لیکن سکھ تنظیموں کی جانب سے سکھوں کی منفی تصویر کشی اور تاریخی حقائق کی درستگی پر تشویش کا اظہار کرنے کے بعد اسے ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا تھا۔

عدالت نے کہا کہ وہ سی بی ایف سی کو کوئی ہدایت نہیں دے سکتی کیونکہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے پہلے ہی سنسر بورڈ کو حکم دے رکھا ہے کہ وہ جبل پور سکھ سنگت کے اعتراض پر فیصلہ کرے، جس نے فلم کے مواد اور اس کے ٹریلر پر اعتراض کیا تھا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ 'عدالتی حقانیت کا تقاضا ہے کہ اس طرح کے احکامات جاری نہ کیے جائیں، اس لیے ہم سی بی ایف سی کو درخواست گزار کے مانگے گئے سرٹیفکیٹ کو جاری کرنے کی ہدایت دینے سے قاصر ہیں تاہم ہم موجودہ عرضی کو نمٹا نہیں رہے بلکہ سی بی ایف سی کو اعتراضات پر غور کرنے کی ہدایت کرتے ہیں'۔

خیال رہے کہ اندرا گاندھی کی زندگی پر بننے والے فلم 'ایمرجنسی' میں مبینہ طور پر سکھ کمیونٹی کو غلط انداز میں دکھانےپر تنقید کا سامنا ہے اور کئی سکھ تنظیموں نے بھی حکومت کو خط لکھ کر فلم پر مکمل پابندی کا مطالبہ کیا جبکہ کچھ سکھ رہنماؤں نے سنسر بورڈ کمیٹی میں کمیونٹی کے نمائندے کی عدم موجودگی پر بھی سوال اٹھایا۔

اس سے قبل مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے دو درخواست گزاروں جبل پور سکھ سنگت اور سری گرو سنگھ سبھا کو تین دن کے اندر سی ب ایف سی کے سامنے اپنے اعتراضات کی تفصیل پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ کہ فلم کے کچھ مناظر سکھ برادری کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور کنگنا رناوت سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا، سماعت کے دوران سی بی ایف سی نے عدالت کو بتایا کہ اس نے فلم کے لیے حتمی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا ہے۔

شرومنی اکالی دل نے مرکزی سینسر بورڈ کو کو قانونی نوٹس بھیجا تھا، جس میں 'ایمرجنسی' کی ریلیز کو روکنے کے لیے کہا گیا تھا۔

تازہ ترین