وائرل اسٹوریز

ارشد ندیم کو ملنے والے انعامی چیک کیش ہورہے ہیں یا نہیں؟

جیولین ایتھلیٹ کو انعام و اکرام سے نوازنے کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔

Web Desk

ارشد ندیم کو ملنے والے انعامی چیک کیش ہورہے ہیں یا نہیں؟

جیولین ایتھلیٹ کو انعام و اکرام سے نوازنے کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔

ارشد کو کروڑوں روپے کے انعامات دیے جاچکے ہیں۔
ارشد کو کروڑوں روپے کے انعامات دیے جاچکے ہیں۔

رواں برس اگست میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقد ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں ملک کا نام روشن کرنے والے جیولین ایتھلیٹ ارشد ندیم پر انعامات کی بارش ہوگئی تھی۔

 ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے میں پاکستان کے لیے پہلا انفرادی گولڈ میڈل جبکہ 40 برس بعد اولمپک گولڈ میڈل جیتا تھا۔

انہوں نے نہ صرف گولڈ میڈل حاصل کیا بلکہ 92.97 میٹر تک جیولین پھینک کر اولمپک ریکارڈ بھی بنایا تھا۔

یہ اولمپک کی سب سے بہترین جبکہ دنیا میں اب تک پھینکی جانے والی چھٹی سب سے طویل جیولن تھرو تھی۔

ملک کا نام روشن کرنے والے ایتھلیٹ کے لیے یہ کارنامہ سرانجام دیتے ہی انعامات کے اعلانات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

بعدازاں وطن واپسی پر ان کے فقید المثال استقبال کے بعد سے انہیں حکام، نجی اداروں اور شخصیات کی جانب سے اعزاز بخشنے اور اعلان کردہ انعامی رقوم دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کو 15 کروڑ روپے،حکومت پنجاب نے 10 کروڑ روپے جبکہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے انہیں 20 لاکھ روپے انعام دیا۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ارشد ندیم کو 5 کروڑ روپے جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری انہیں 10 لاکھ روپے دیے۔ 

اس کے علاوہ بھی انہیں نجی اداروں، میڈیا پرسنز، اور کھلاڑیوں سمیت معروف شخصیات کی جانب سے بلانے اور انعام دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

تاہم ایتھلیٹ کو ملنے والی زیادہ تر انعامی رقم چیک کی صورت میں دی اور اگر دیکھا جائے تو اکثر ایسے افراد جن کے کارناموں پر انعام دیے جانے کے اعلانات سامنے آتے ہیں، ان کی جانب سے یہ شکوے بھی سامنے آتے ہیں کہ ان کو  یا تو رقم دی ہی نہیں گئی یا دیا گیا چیک کیش نہیں ہوا۔

اسی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایک صحافی نے ارشد ندیم نے براہِ راست یہ سوال پوچھ ہی ڈالا۔

معروف گلوکار ابرار الحق نے جیولین ایتھلیٹ کے لیے ایک اعزازی تقریب کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے ارشد ندیم کو 15 لاکھ روپے کا کیش انعام بھی دیا۔

اس پر وہاں موجود صحافی نے جہاں ابرار الحق سے سوال کیا کہ انہوں نے نقد رقم کیوں دی وہیں ارشد سے پوچھا کہ کیا انہیں ملنے والی انعامی رقوم کے چیک کیش بھی ہورہے ہیں یا نہیں۔

جس پر وہاں موجود سبھی افراد ہنس پڑے اور ایتھلیٹ نے بھی قہقہ لگا کر اس کا براہِ راست جواب دینے کے بجائے گول مول جواب دیا۔

ارشد ندیم نے کہا کہ 'دیکھیں جو آپ  (لوگ) مجھے محبت اور پیار دے رہے ہیں، میرے لیے یہی سب کچھ ہے'۔

تازہ ترین