سوشل میڈیا

سوشل میڈیا کے شوقین پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی

سندھ پولیس نے سوشل میڈیا پر اہلکاروں کی ویڈیوز کا نوٹس لے لیا۔

Web Desk

سوشل میڈیا کے شوقین پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی

سندھ پولیس نے سوشل میڈیا پر اہلکاروں کی ویڈیوز کا نوٹس لے لیا۔

ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر تین خواتین سمیت 12 اہلکار معطل۔
ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر تین خواتین سمیت 12 اہلکار معطل۔ 

سندھ پولیس سے تعلق رکھنے والے ان اہلکاروں اور افسران کی شامت آگئی جو سوشل میڈیا پر ویڈیوز اپلوڈ کرنے کے شوقین ہیں۔

حال ہی میں کراچی پولیس کے سربراہ نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایت پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر تین خواتین سمیت 12 اہلکاروں کو معطل کیا جاچکا ہے۔

محکمہ پولیس کی جانب سے افسران اور اہل کاروں کی سوشل میڈیا پر ’محکمے کی بدنامی کا باعث بننے والی‘ سرگرمیوں کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ٹک ٹاک، انسٹا گرام، فیس بک سمیت دیگر ایپس پر پولیس افسروں اور اہلکاروں کی مختلف مواقع پر بنائی گئی بہت سی ویڈیوز موجود ہیں، ان میں کئی ویڈیوز ایسی بھی ہیں جو اعلیٰ پولیس افسران کی موجودگی میں ان کے دفاتر میں بنائی گئیں۔

آئی جی سندھ کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ محکمے کا کوئی بھی اہلکار یا افسر سوشل میڈیا پر ادارے کی بدنامی کا باعث بنے گا تو اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

سندھ پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن کے احکامات کے بعد صوبے میں تعینات اہلکار اور افسر محتاط ہوگئے ہیں۔

آئی جی سندھ کی جانب سے یہ اقدام سوشل میڈیا پر ذومعنی کمنٹس، نازیبا ویڈیوز، یا محکمے کی بدنامی کا باعث بننے والی پوسٹس کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

سندھ پولیس کے سوشل ڈیسک نے اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے افسروں اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا ہے۔

 اس دوران یہ شکایات بھی سامنے آئیں کہ بعض اہلکاروں کے نام سے جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے ہیں، جن پر پولیس افسروں کے دوروں اور ملاقاتوں کی ویڈیوز پوسٹ کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ان اقدامات کا مقصد پولیس اہلکاروں کے پیشہ ورانہ رویے کو بہتر بنانا اور سوشل میڈیا پر غیرمناسب سرگرمیوں کا تدارک کرنا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال کے اوائل میں صوبہ سندھ کی ریپڈ ریسپانس فورس (آر آر ایف ) نے پولیس اہلکاروں پر یونیفارم پہن کر ٹک ٹاک بنانے پر پابندی عائد کردی تھی تاہم اس کے باوجود پولیس اہلکاروں کی جانب سے ویڈیوز بنانے کا سلسلہ جاری تھا جس پر اہلکاروں کو معطل کیا گیا۔

تازہ ترین