عالمی منظر

میگھن مارکل کو شاہی خاندان کے ساتھ اپنے رویے پر پچھتاوا

ہیری اور میگھن اپنی شاہی حیثیت سے دستبردار ہوگئے تھے۔

Web Desk

میگھن مارکل کو شاہی خاندان کے ساتھ اپنے رویے پر پچھتاوا

ہیری اور میگھن اپنی شاہی حیثیت سے دستبردار ہوگئے تھے۔

شادی سے پہلے میگھن مارکل شوبز سے وابستہ تھیں۔
شادی سے پہلے میگھن مارکل شوبز سے وابستہ تھیں۔

سابق امریکی اداکارہ اور برطانوی شہزادے پرنس ہیری سے شادی کرنے کے بعد شاہی خاندان کو ٹھوکر مار کر اپنے خاندان کے ساتھ امریکا میں سکونت اختیار کرنے والی میگھن مارکل کو اپنے رویے پر پچھتاوا ہونے لگا۔

میڈیا رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ میگھن مارکل نے 2020 میں شاہی خاندان کو چھوڑنے کے طریقے اور خاندان کے افراد کے ساتھ اپنے رویے پر 'شدید افسوس' کا اظہار کیا، خاص کر انہیں شاہی نسل پرستی کے تنازع پر پچھتاوا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ میگھن کا خیال ہے کہ ان کے بیانات کو اس طرح نہیں سمجھا گیا جس کی وہ توقع کررہی تھیں اور ان کے متعدد بیانات کا رد عمل آیا ہے۔

برطانوی جریدے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ میگھن چاہتی تھی کہ سال 2021 میں اوپرا ونفرے کو دیے گئے انٹرویو میں ان کی ذہنی صحت کے بارے میں بات کی جائے اور انہیں 2022 میں بھی 'دی کٹ' کو انٹرویو دینے پر پچھتاوا ہے جس کے بعد ان کے ناقدین کو تبصروں کا بہت بڑا موقع ملا۔

دوسری جانب شاہی سوانح نگار انجیلا لیون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ڈچز آف سسیکس کو اپنے کیے پر پچھتاوا کرنے میں 'بہت دیر ہو چکی ہے'۔

انہوں نے شو کے میزبان کو بتایا کہ 'وہ شاہی خاندان کے ساتھ اپنے برتاؤ پر بہت پشیمان ہے،اور انہیں یہ کہنے پر بھی بہت افسوس ہے کہ وہ نسل پرست تھے'۔

سوانح نگار نے یہ بھی کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم کو ہیری اور میگھن کے علیحدگی کے فیصلے اور امریکا منتقل ہونے کے بعد کیے گئے دعووں سے دکھ پہنچا تھا، 'یہ بہت، بہت ظالمانہ تھا اور مجھے لگتا ہے کہ ملکہ نے جب یہ سنا تو ان کے لیے بہت تکلیف دہ تھا۔'

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ اوپرا ونفرے کو دیے گئے انٹرویو میں میگھن مارکل نے دعویٰ کیا تھا کہ'جب وہ پہلے بچے کی امید سے تھیں تو شاہی محل کے افراد ان کے پیدا ہونے والے بچے کی رنگت سے متعلق ’فکرمند‘ تھے اور باتیں کرتے سنائی دیتے تھے کہ جانے ان کے بچے کا رنگ کیسا ہوگا؟'

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 'شاہی محل میں انہیں نسلی امتیاز کا سامنا رہا اور خود کو غیر محفوظ تصور کیے جانے کے خیالات کی وجہ سے ہی انہوں نے متعدد بار خودکشی کا سوچا تھا'۔

خیال رہے کہ ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری اور ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل نے تقریباً ڈیڑھ سال کے تعلقات کے بعد نومبر 2017 میں منگنی اور مئی 2018 میں شادی کی تھی۔

مئی 2019 میں جوڑے نے اپنے پہلے بیٹے آرچی کا خیر مقدم کیا تھا جس کے بعد جون 2021 میں ان کے ہاں بیٹی للی بیٹ کی پیدائش ہوئی تھی۔

جوڑے نے جنوری 2020 میں شاہی خاندان سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جس کی توثیق ملکہ الزبتھ سے ملنے کے بعد انہوں نے عارضی طور پر پہلے کینیڈا اور پھر مستقل طور پر امریکا میں سکونت اختیار کرلی تھی۔