کون بھارتی شہری دنیا کا دوسرا امیر ترین شخص بننے والا ہے؟
ایلون مسک کو پیچھے چھوڑنے میں انہیں کتنا وقت لگے گا؟
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک کو دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل ہے، جن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 251 ارب ڈالر ہے۔
کہا جاتا ہے کہ 2027 تک ایلون مسک ارب پتی کے بجائے کھرب پتی کا درجہ حاصل کرلیں گے، بشرطیکہ ان کی دولت میں 110 فیصد کی اوسط شرح سے سالانہ اضافہ ہوتا رہے۔
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کے بعد کھرب پتی کے درجے تک پہنچنے والے دوسرے شخص بھارت میں اڈانی گروپ کے بانی گوتم اڈانی ہوسکتے ہیں، اگر ان کی دولت سالانہ 123 فیصد کی موجودہ شرح کے ساتھ آگے بھی بڑھتی رہے تو وہ 2028 تک کھرب پتی بن سکتے ہیں۔
گوتم اڈانی کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 85 ارب ڈالر ہے جو فی الوقت بھارت کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔
وہ اڈانی گروپ کے زیرانتظام وسیع پیمانے پر کاروباری منصوبوں کی نگرانی کرتے ہیں، 'اڈانی پورٹس' بھی اس گروپ کی ایک نمایاں کمپنی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ اب 24 ہزار 973 کروڑ روپے کی بڑی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ اس کے پورٹس کے کاروبار کو فروغ دیا جا سکے۔
کمپنی اپنی اسٹریٹجک توسیع کے تحت یورپ اور بھارت کے درمیان تجارتی راستے کی بھی باریکی سے نگرانی کر رہی ہے۔
اڈانی انٹرپرائزز کے 61 سالہ سربراہ گوتم اڈانی مختلف نئے پروجیکٹس کے ذریعے اپنے کاروبار کو وسعت دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم ان کی تنخواہ ان کے اپنے اعلیٰ عہدیداروں سے خاصی کم ہے۔
31 مارچ 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال میں گوتم اڈانی کل کی آمدنی 9.26کروڑ بھارتی روپے تھی، انہوں نے اپنے پورٹ-ٹو-انرجی گروپ کے زیرانتظام 10 میں سے صرف 2 کمپنیوں سے تنخواہ لی۔
اڈانی گروپ کی فلیگ شپ فرم اڈانی انٹرپرائزز لمیٹڈ سے انہوں نے 2.19 کروڑ بھارتی روپے تنخواہ لی اور 27 لاکھ کی مراعات حاصل کیں، علاوہ ازیں انہوں نے اڈانی پورٹس اینڈ ایس ای زیڈ لمیٹڈ (اے پی ایس ای زیڈ) سے 6.8 کروڑ بھارتی روپے تنخواہ لی۔
اس اعتبار سے گوتم اڈانی کی آمدنی بھارت کے ارب پتی خاندانوں کی زیرملکیت کمپنیوں کے سربراہوں کے مقابلے میں کافی کم ہے۔
مثال کے طور پر بھارت کے سب سے امیر آدمی مکیش امبانی نے کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے اپنی پوری تنخواہ لینا چھوڑ دی تھی، تاہم اس سے پہلے وہ لگ بھگ 15 کروڑ بھارتی روپے تنخواہ لے رہے تھے۔
اڈانی کی تنخواہ ٹیلی کام ٹائیکون سنیل بھارتی متل (16.7 کروڑ)، راجیو بجاج (53.7 کروڑ) اور پون منجل (80 کروڑ) سے بھی بہت کم ہے۔





