ہانیہ عامر اور فرحان سیعد کی وائرل ویڈیو 'فحش' قرار
فرحان سعید اور ہانیہ عامر کا نئے ڈرامے میں نازیبا سین وائرل
پاکستانی دلکش اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار و اداکار فرحان سعید کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو ناقدین نے 'نازیبا اور فحاش' قرار دے دی۔
دسمبر 2021 میں ٹیلی ویژن اسکرینز کی زینت بننے والا ڈراما سیریل ’میرے ہمسفر’ میں اداکارہ ہانیہ عامر ہالا کے کردار میں نظر آئیں جبکہ فرحان سعید کو حمزہ کا کردار ادا کرتے دیکھا گیا۔
ہالا کی معصومیت اورحمزہ کا پیار نہ صرف اس ڈرامے کو شہرت کی بلندیوں پر لے گیا بلکہ میرے ہمسفر نے پاکستان کے علاوہ بھارت اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی شہرت اور مقبولیت کے جھنڈے گاڑدیے۔
جہاں مداح گزشتہ کئی ماہ سے ’میرے ہمسفر‘ کے سیزن 2 کی راہ تک رہے تھے وہیں آن اسکرین دھوم مچانے والی یہ جوڑی ایک ساتھ نئے ڈرامے میں بطور جوڑی یکجا ہوئے جس کا نام 'کیسی ہے یہ رسوائی' ہے۔
ڈراما ’کیسی ہے یہ رسوائی‘ دو متوازی ادوار میں سفر کر رہا ہے۔ ایک دور 1979 کا ہے اور دوسرا زمانِ موجود ہے۔ ایک کہانی وارث کی ہے، دوسری وارث کی ماں شہلا کی ہے۔
ڈرامے کی پہلی قسط 24 جولائی کو نشر ہوئی جس کا انتظار مداحوں کو بے صبری سے تھا لیکن یہ ڈراما 'ہمسفر' کی کامیابی کے آس پاس بھی نہیں آپا رہا۔
اب ڈرامے کے ایک سین کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے جس میں فرحان سعید اور ہانیہ عامر کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتا ہے اور اس سین کا کچھ حصہ ڈرامے کے پرومو میں بھی شامل کیا گیا تھا۔
اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل دیکھنے کو ملا اور سوشل میڈیا پر تنقید کے نشتر چلنے لگے۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'ترکش ڈراموں کے زیرِ اثر بننے والے ڈرامے، فحاشی کی انتہا ہے' ، ایک اور انسٹاگرام صارف نے لکھا کہ ' پتا نہیں اس قسم کے ڈرامے بین کیوں نہیں کیے جاتے؟'
غصے میں ایک صارف نے لکھا کہ ' پاکستانی ڈراموں میں تمام حدیں پار ہوچکی ہیں، یہ ڈرامے ہماری روز مرّہ کی خوشحال زندگی کو بھی برباد کر رہے ہیں، جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ 'ہانیہ عامر اور فرحان سعید کو کچھ شرم کرنی چاہئے'۔