کاجول کامادھوری ڈکشٹ کے ’آئیکونک’ لُک میں نازو انداز
کاجول نے "ہم آپ کے ہیں کون" سے مادھوری کے لُک کو اپنالیا
معروف بالی وڈ اداکارہ تنوجا اور فلم ساز شومو مکھرجی کی بڑی بیٹی کاجول نے ماضی کی بلاک بسٹر فلم ’ہم آپکے ہیں کون’ میں مادھودی ڈکشٹ کے آئیکونک لُک کو اپنا کر فیشن کے متوالوں کو دنگ کردیا۔
1992 میں فلم ‘بےخودی‘ سے اداکاری کا آغاز کرنے کے بعد سے کاجول نے نہ صرف اپنی پرفارمنس سے فلم بینوں کے دلوں میں گھر کیا بلکہ خود کو ایک اسٹار کے طور پر متعارف کروایا۔
وہ 1993 کی فلم بازیگر، 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ سے سُپر اسٹار بنیں۔
صرف یہی نہیں بلکہ کاجول کو 2001 کی بلاک بسٹر کبھی خوشی کبھی غم 2010کی یادگار فلم مائی نیم از خان میں اپنی غیر معمولی اداکاری کے لیے چھ فلم فیئر ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔جبکہ ہندوستانی سنیما میں اہم خدمات سرانجام دینے کی وجہ سے بھارتی حکومت نے انہیں 2011 میں پدم شری ایوارڈ سے نوازا۔
لیکن بات صرف اداکاری پر ہی ختم نہیں ہوتی بلکہ کاجول اپنے فیشن کے انتخاب سے بھی ایک انفرادی پہچان رکھتی ہیں، اداکارہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نظر ڈالی جائے تو انہیں عموماً پوسٹس میں حسن کے جلوے بکھیرتے ہی دیکھا گیا۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر مزید ایک اور پوسٹ شیئر کی جس میں انہیں دھک دھک گرل مادھوری کی کاپی کرتے دیکھا گیا۔
مذکورہ پوسٹ میں اداکارہ کاجول جامنی بنارسی ساڑھی میں ملبوس نازو انداز سے اپنے فینز کو گرویدہ بنارہی ہیں۔ جبکہ کاجول کا یہ ساڑھی لُک بالکل ویسا ہی تھا جیسا مادھوری ڈکشٹ نے 1994 کی فلم ’ہم آپکے ہیں کون’ کے مشہور گانے "دی دی تیرا دیور دیوانہ" کیلئے اپنایا تھا۔
اس گانے میں مادھوری نے ایک خوبصورت جامنی رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا، جسے آج بھی ایک کلاسک لُک کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، اور کاجول نے اسی طرز کا لباس پہن کر اس لُک کو ایک بار پھر سے زندہ کردیا۔
جیسے ہی دلکش تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بنیں مداحوں کو کاجول کی اس خوبصورت ساڑھی میں مادھوری کی دلکش اور لازوال خوبصورتی کی جھلک نظر آئی۔جس میں رنگوں کا حسین امتزاج نظر مادھوری کے جادوئی انداز کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
جبکہ انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں کاجول نے لکھا: "ہم آپ کے ہیں کون’ او جی مادھوری ڈکشٹ کو خراجِ تحسین"’۔




