انیل مہتا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ سامنے آگئی
ملائکہ کے والد نے گزشتہ روز اپنے فلیٹ سے چھلانگ لگاکر جان دیدی تھی
بالی وڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا اور امرتا اروڑا کے سوتیلے والد انیل مہتا نے گزشتہ روز اپنےاپارٹمنٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انیل مہتا نے صبح 10:30 بجے کے قریب ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ میں قائم اپنے اپارٹمنٹ کی چھٹی منزل سے چھلانگ لگاکر جان دیدی۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ انیل مہتا نے واقعی خودکشی کی ہے یا انکا قتل ہوا؟ اِس حوالے سے پولیس تحقیقات کررہی ہے جس پر ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف
گزشتہ روز پولیس کی جانب سے اداکارہ ملائکہ کے سوتیلے والد ‘انیل مہتا‘ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘ہم تمام زاویوں سے حادثے کی تفتیش کر رہے ہیں، فرانزک ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں‘۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ‘ ہم ہر پہلو کی تفصیل سے تفتیش کر رہے ہیں، ابتدائی طور پر جمع ہونے والے شواہد کو دیکھیں تو یہ مبینہ خودکشی معلوم ہوتی ہے تاہم ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے‘۔
اداکارہ ملائکہ و امرتا کے والد انیل مہتا کی ڈیڈ باڈی کا پوسٹ مارٹم بدھ کی رات 8 بجے ممبئی کے ‘کوپر اسپتال' میں کیا گیا جس کے بعد حال ہی میں اداکارہ کے والد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میڈیا پر جاری کردی گئی۔
انیل مہتا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ماڈل ملائکہ اروڑا کے سوتیلے والد 62 سالہ انیل مہتا کی موت اونچائی سے چھلانگ لگانے کے باعث جسم پر لگنے والی گہری چوٹوں اور متعدد زخموں کی وجہ سے ہوئی ہے جوکہ خود کشی کے زمرے میں آتی ہے۔
خودکشی سے قبل بیٹیوں کو کال
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ‘انیل مہتا‘ نے خودکشی کے اقدام سے چند لمحے قبل ملائکہ اور امرتا کو فون کیا اور کہا کہ ‘میں تھک گیا ہوں‘ اور پھر جان دیدی۔
میڈیا کے مطابق اداکارہ ملائکہ کی والدہ جوائس نے پولیس کو بتایا کہ جب ان کے شوہر انیل نے خودکشی کی تو وہ گھر میں موجود تھیں۔
انہوں نے پولیس کو بتایا کہ انیل عموماً اپنے اپارٹمنٹ کی بالکونی میں بیٹھ کر روزانہ صبح اخبارات پڑھتے تھے لیکن آج جب وہ انہیں دیکھنے بالکونی میں گئیں تو وہ جان دے چکے تھے۔
اداکارہ مائکہ کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کے شوہر ‘انیل مہتا‘ کو سنگین طبی مرض لاحق نہیں تھا، وہ بالکل تنددرست تھے اس لیے ان کا ایسا جان لیوا قدم اٹھانا ناقابلِ یقین ہے۔