ٹیکنالوجی

'ایکس' پر پابندی واقعی ختم؟ PTA کی وضاحت سامنے آگئی

سوشل میڈیا صارفین کی خوشی عارضی ثابت ہوئی

Web Desk

'ایکس' پر پابندی واقعی ختم؟ PTA کی وضاحت سامنے آگئی

سوشل میڈیا صارفین کی خوشی عارضی ثابت ہوئی

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

ملک بھر میں آج انٹرنیٹ صارفین میں اُس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی جب میڈیا پر یہ خبریں زیرگردش نظر آئیں کہ بالآخر 7 ماہ بعد ایکس (ٹوئٹر) پر پابندی ہٹادی گئی ہے۔

تاہم سوشل میڈیا صارفین کی VPN کے بغیر ایکس چلانے کی خوشی عارضی ثابت ہوئی جب کچھ دیر بعد پاکستانی ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے وکیل کیجانب سے عدالت میں دیے گئے بیان پر وضاحت سامنے آئی۔

دورانِ سماعت کیا ہوا؟

سندھ ہائی کورٹ میں آج 'ایکس' کی بندش کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی جس کے دوران پی ٹی اے کے وکیل احسن امام نے عدالت کو بتایا کہ ایکس کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ’اگر نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ایکس بحال ہوگیا ہے؟‘

اس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایکس تک رسائی تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔

عدالت نے کہا کہ ایکس کی بندش سے متعلق کوئی نوٹیفکیشن اب موجود نہیں ہے جس کا مطلب ہے کہ سروس بحال ہو چکی ہے۔

کمرہ عدالت میں موجود پی ٹی اے کے ایک اور وکیل سعد صدیقی نے مؤقف اپنایا کہ انہیں نوٹیفکیشن واپس لیے جانے سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ’پی ٹی اے نے ہر درخواست کے لیے الگ وکیل کیوں مقرر کیا ہے؟ یہ طریقہ کار غلط ہے کیونکہ ایک وکیل کو آگاہی دی گئی جبکہ دوسرے کو نہیں‘۔

PTA کی وضاحت

بعدازاں 'انڈپینڈنٹ اردو' سے گفتگو میں سید احسن امام رضوی نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے نے تاحال ایکس پر عائد پابندی والا نوٹیفکیشن واپس نہیں لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت میں شنوائی کے دوران 'مس کمیونیکیشن' ہوئی ہے، جس سے یہ تاثر لیا گیا کہ میں نے عدالت کو نوٹیفکیشن کی معطلی کے متعلق بتایا ہے، مگر ایسا نہیں ہے۔ ہم عدالتی کارروائی میں اس بیان کی درستگی کے لیے جلد درخواست بھی دیں گے۔

ایکس پر پابندی

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں 'ایکس' (ٹوئٹر) کی بندش کو 7 ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ انٹیلیجنس ایجنسیوں کی درخواست پر 17 فروری 2024 کو ایکس کی بندش کے احکامات جاری کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ایکس کی بندش کا فیصلہ قومی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔

تازہ ترین