پاکستان

عمران خان کو صدر مرسی کی طرح جیل میں قتل کرنے کا منصوبہ؟

مستند ذرائع سے یہ مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں، علیمہ خان

Web Desk

عمران خان کو صدر مرسی کی طرح جیل میں قتل کرنے کا منصوبہ؟

مستند ذرائع سے یہ مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں، علیمہ خان

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بھائی کو مصر کے سابق صدر محمد مرسی کی طرح جیل میں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ 2019 میں مرسی کی حراست میں ہونے والی موت کی طرح عمران خان کو جیل میں قتل کرنے کی سازش کی اطلاع ملی ہے۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے خاندان کو مستند ذرائع سے یہ مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ عمران خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنالیا گیا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ 'ہمارا خاندان اس سازش میں ملوث فرعونوں سے مخاطب ہے، تاریخ پر نظر ڈالیں اور سمجھیں کہ فرعونوں اور دوسرے لوگوں کے ساتھ کیا ہوا جنہوں نے تاریخ میں اسی طرح کی حکمت عملی اختیار کی'۔

انہوں نے لکھا کہ 'جنرل باجوہ کے دور میں وزیر آباد میں عمران خان پر جان لیوا حملے کی کوشش کی گئی، جنرل عاصم منیر کے دور میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) نے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا، اس وقت عمران خان کو ختم کرنے کی تیاری پوری تھی لیکن وہ اب تک کیوں زندہ ہیں؟ کیونکہ زندگی اور موت کا فیصلہ صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے'۔

علیمہ خان نے پاکستان اور عالمی سطح پر اپنے بھائی کو ملنے والی وسیع حمایت پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ’لاکھوں پاکستانی اور دنیا بھر کے مسلمان ہر روز ان کے لیے دعا کرتے ہیں، ہم ان سے پیار کرتے ہیں اور پاکستان کو ان کی ضرورت ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے متعدد قانونی چیلنجز کا سامنا کیا ہے لیکن تمام الزامات سے بری ہو چکے ہیں، پھر بھی وہ سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

علیمہ نے لکھا کہ 'عمران خان کہتے ہیں کہ اس وقت اڈیالہ جیل پر آئی ایس آئی کا کنٹرول ہے، تو کیا آپ عمران خان کی رہائی کے لیے دعا کرنے والے لاکھوں لوگوں کو بتا سکتے ہیں کہ عمران خان کیوں ایسا سمجھتے ہیں کہ انہیں جیل میں ختم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جیسا کہ مصر میں مرسی کے ساتھ کیا گیا تھا‘۔

یاد رہے کہ رواں ماہ مئی میں خود عمران خان کی جانب سے بھی یہ دعویٰ سامنے آچکا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ انہیں قتل کرنا چاہتی ہے۔

دی ٹیلی گراف میں لکھے مضمون میں عمران خان نے کہا تھا کہ میں موت سے نہیں ڈرتا کیونکہ میرا ایمان مضبوط ہے۔ میں غلامی پر موت کو ترجیح دوں گا۔

تازہ ترین