بھارتی فلمساز نے 'اسکوئیڈ گیم' کو 'لک' فلم کا چربہ قرار دیدیا
سوہم شاہ نے نیٹ فلکس کیخلاف مقدمہ دائر کردیا
بھارتی فلمساز سوہم شاہ نے 2021 کی مقبول کورین ویب سیریز 'اسکوئیڈ گیم' کو اپنی 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم 'لک' کا چربہ قرار دیتے ہوئے نیٹ فلکس کیخلاف مقدمہ دائر کردیا۔
سوہم شاہ نے نیو یارک میں نیٹ فلکس کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مذکورہ کورین ویب سیریز انکی ہندی زبان میں ریلیز ہونے والی فلم 'لک' کی نقل ہے۔
مقدمے میں سوہم شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فلم 'لک' اور نیٹ فلکس شو 'اسکوئیڈ گیمز' میں حیرت انگیز مماثلتیں ہیں جو محض اتفاق نہیں ہوسکتیں۔
سوہم شاہ نے کہا کہ اسکوئیڈ گیم کے مرکزی پلاٹ، کردار، تھیمز، موڈ اور واقعات کی ترتیب بالکل انکی فلم 'لک' سے حیرت انگیز طور پر ملتی جلتی ہیں، یہ ممکن نہیں کہ اس طرح کی مماثلت محض اتفاقیہ ہو۔
یاد رہے کہ 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم 'لک' میں بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کے بھانجے عمران خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
اس فلم کی کہانی 'اسکوئیڈ گیم' کی طرح چند مقروض اور ضرورتمند لوگوں کے ایک گروہ کے گرد گھومتی ہے جو بڑی رقم جیتنے کی لالچ میں خطرناک مقابلوں سے بھرپور کھیل کھیلنے پر آمادہ ہوجاتے ہیں، جنہیں بعد میں پتا چلتا ہے کہ اس میں سے کسی بھی مقابلے میں ہارنے کا مطلب موت ہے۔
شاہ نے اسکویڈ گیم کے مصنف ہوانگ ڈونگ ہائوک پر بھی مقدمہ دائر کیا ہے، یہ دعویٰ کرنے کے لیے کہ اس نے اپنی کہانی کا ورژن 2009 میں لکھا تھا، جس سال لک دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔
سوہم شاہ نے 'اسکوییڈ گیم' کے مصنف ہوانگ ڈونگ ہائوک پر بھی مقدمہ دائر کیا ہے۔
سوہم شاہ کے بقول مصنف کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اس ویب سیریز کی کہانی 2009 میں لکھی تھی، یہ وہی سال تھا جب سوہم شاہ کی 'لک' فلم دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔
سوہم شاہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ فلم 'لک' کی کہانی 2006 میں لکھ چکے تھے جسکے بعد 2009 میں یہ فلم دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بنی۔
نیٹ فلکس کا ردعمل
نیٹ فلکس کے ترجمان نے سوہم شاہ کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان الزامات کیخلاف بھرپور طریقے سے دفاع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس دعوے کا کوئی جواز نہیں ہے، اسکوئیڈ گیم کو ہوانگ ڈونگ ہائوک نے بنایا اور لکھا ہے، ہم اس معاملے کا بھرپور دفاع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سوہم شاہ کیجانب سے دائر مقدمے میں دعویٰ کیا گیا کہ 'اسکوئیڈ گیم' کی ریلیز کے بعد نیٹ فلکس کی مارکیٹ ویلیو میں 900 ملین ڈالر سے زیادہ اضافہ ہوا تھا، لہٰذا نیٹ فلکس کو اس کمائی میں سے انہیں (سوہم شاہ کو) بھی معاوضہ ادا کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ سوہم شاہ نے یہ مقدمہ ایسے وقت میں دائر کیا ہے جب 'اسکوئیڈ گیم' کا دوسرا سیزن 26 دسمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والا ہے۔





