شوہر کی سالگرہ پر ملالہ کا محبت بھرا پیغام
آپ مجھے خوب ہنساتے ہیں، ملالہ یوسفزئی
نوبل انعام یافتہ پاکستانی لڑکی ملالہ یوسفزئی نے اپنے شوہر عصر ملک کو ان کی سالگرہ پر پیار بھرے انداز میں مبارکباد پیش کر دی۔
انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی اور شوہر عصر ملک کی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'سالگرہ مبارک عصر ملک، میں آپ سے لامحدود اور غیرمشروط محبت کرتی ہوں، آپ میری اور اپنے آس پاس موجود ہر انسان کی زندگی میں بہت ساری خوشیوں اور رونق کا باعث ہیں'۔
ملالہ نے لکھا کہ 'آپ کے ساتھ گزرا ہر وقت، حتیٰ کہ کام کاج کرنے کا مزہ بھی دوبالا ہوجاتا ہے، آپ مجھے خوب ہنساتے ہیں اور مجھے میرا خیال رکھنے میں مدد دیتے ہیں'۔
اپنے شوہر کیلئے لکھے گئے پیغام میں ملالہ نے مزید لکھا کہ 'آپ میری حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور مجھے بڑے خواب دیکھنے کی ترغیب دیتے ہیں، سالگرہ مبارک'۔
واضح رہے کہ گل مکئی کے نام سے بی بی سی اردو کیلئے ڈائری لکھ کر شہرت حاصل کرنے والی ملالہ کو 2012 میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز اٹھانے پرسوات میں اسکول سے واپس آتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
حملے میں زندہ بچ جانے کے بعد وہ دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کی علمبردار بن گئیں، 2013 میں ملالہ اور ان کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے لڑکیوں کیلئے 'ملالہ فاؤنڈیشن' قائم کی۔
10 دسمبر 2014 کو ملالہ یوسف زئی دنیا کی سب سے کم سن نوبل امن انعام جیتنے والی شخصیت بن گئی تھیں۔
9 نومبر 2021 کو ملالہ نے ایک چھوٹی سی تقریب میں عصر ملک سے نکاح کر لیا تھا، اس پر مسرت تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر ملالہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی تھیں جو دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کی آگ کی طرح وائرل ہو گئیں تھیں۔