اہرامِ مصر کے اوپر سیٹلائٹس میں خلل کی وجہ سامنے آگئی
بالآخر گتھی سلجھ گئی
چینی سائنس دانوں نے مصر کے علاقے جیزہ میں مشہور زمانہ 'اہرامِ مصر' کے اوپر پلازما کے بلبلوں کا پتہ چلایا ہے جو سیٹلائٹس اور جی پی ایس (GPS) آلات کے درمیان رابطہ منقع کرنے کا سبب بنے۔
چینی میڈیا کے مطابق سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ زمینی کرہِ ہوا کی ایک سطح میں گیس کی بڑی مقدار جمع ہو رہی ہے جس کے سبب سیٹلائٹس اور ان کے ساتھ منسلک آلات کے بیچ رابطہ منقطع ہو جاتا ہے۔
دوسری جانب مصر میں قومی فلکیاتی اور جغرافیائی تحقیقاتی ادارے میں شمسی اور فضائی تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر محمد صمیدہ الشاہد نے واضح کیا ہے کہ یہ مظہر زمین کی سطح پر کسی جگہ بھی سامنے آ سکتا ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ شمسی طوفانوں کے نتیجے میں چارج شدہ ذرات کا کرہ ہوا کی ionosphere سطح میں داخل ہونا ہے۔
ڈاکٹر صمیدہ الشاہد نے بتایا کہ یہ صورت حال بلبلوں کی شکل میں جنم لیتی ہے، یہ نیوی گییشن اور سیٹلائٹس کے حوالے سے محدود خلل پیدا کرنے میں نمایاں طور پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ مصر میں 100 سے زیادہ قدیم اہرام پائے جاتے ہیں جن میں سب سے زیادہ مشہور اور سب سے بڑے اہرام الجیزہ صوبے میں ہیں۔
یہ دار الحکومت قاہرہ سے 15 کلو میٹر دور دریائے نیل کے مغربی کنارے پر واقع ہیں۔