پہلی فلم کا معاوضہ 10 روپے وصول کرنے والی معروف اداکارہ کون؟
شاندار اداکاری اور خوبصورت رقص سے فلم انڈسٹری پر راج کیا
بالی وڈ انڈسٹری میں بلاک بسٹر فلمیں دیکر کروڑوں روپے معاوضہ وصول کرنے والے اداکاروں کے نام سے تو آپ بخوبی واقف ہوں گے۔
لیکن کیا آپ بالی وڈ کی اس معروف اداکارہ کے نام سے آگاہ ہیں جنہوں نے محض 13 سال کی عمر میں اپنے فلمی کریئر کا آغاز کیا اور پہلی فلم کے عوض صرف 10 روپے معاوضہ وصول کیا۔
تیلگو فلم میں ڈیبیو کرنے کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور جلد ہی اپنے وقت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئیں۔
ہم بات کررہے ہیں بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیا پردا کی، 80 کی دہائی میں فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی اس لیجنڈری اداکارہ نے 'آج کا ارجن' اور 'ماں' جیسی متعدد ہٹ فلموں میں اپنی یادگار پرفارمنس سے سامعین کو مسحور کرلیا۔
3 دہائیوں پر محیط فلمی کریئر میں انہوں نے 7 زبانوں میں 300 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں ہندی، تیلگو، کنڑ، بنگالی، تامل، ملیالم اور مراٹھی زبان شامل ہے۔
فلموں میں طاقتور کردار نبھانے کے لیے جانی جانے والی جیا پردا نے نہ صرف ایک ورسٹائل ایکٹرس کے طور پر اپنا لوہا منوایا بلکہ سیاسی میدان میں بھی نمایاں طور پر متحرک نظر آئیں۔
اپنے شاندار فلمی کریئر کے دوران جیا پردا نے انڈسٹری کے کئی بڑے ناموں کے ساتھ کام کیا جن میں امیتابھ بچن، جیتندر اور ونود کھنہ شامل ہیں۔
اپنے عروج کے زمانے میں وہ فلم سازوں کا پہلا انتخاب ہوتی تھیں اور انڈسٹری میں سب سے زیادہ تنخواہ وصول کرنے والی اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں حالانکہ انکی ڈیبیو فلم کا معاوضہ انہیں صرف 10 روپے ادا کیا گیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ جیا نے اپنے بچپن میں ڈاکٹر بننے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن تقدیر کو کچھ اور ہی منظور تھا اور وہ ایک مشہور اداکارہ بن گئیں۔
جیا پردا کی متنازع شادی
جیا پردا کے چاہنے والے بےشمار تھے لیکن اپنے عروج کے دور میں انہوں نے فلم ساز شری کانت نہتا سے شادی کا فیصلہ کیا۔
اس شادی پر بڑا تنازع کھڑا ہوا اور شدید تنقید بھی کی گئی کیونکہ شری کانت نہتا کی جیا پردا سے یہ دوسری شادی تھیں حالانکہ انہوں نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق نہیں دی تھی۔
جیا پردا اور سری دیوی کو ایک کمرے میں کیوں لاک کیا گیا؟
80 کی دہائی میں جیا پردا اور سری دیوی 2 مشہور ترین اداکارائیں تھیں جن کے درمیان فلم انڈسٹری میں سخت مقابلہ رہتا تھا، ان کی دشمنی اتنی شدید تھی کہ وہ ایک دوسرے سے سیدھے منہ بات کرنا بھی پسند نہیں کرتی تھیں۔
ایک بار فلم 'مقصد' کی شوٹنگ کے دوران راجیش کھنہ اور جیتندر نے ان دونوں کو میک اپ روم میں لاک کردیا تھا تاکہ وہ دونوں ایک دوسرے کے درمیان اختلافات مٹا سکیں، 2 گھنٹے کے بعد جب بالآخر دروازہ کھولا گیا تو دونوں اداکارائیں ایک دوسرے کی طرف کمر کیے بیٹھی تھیں۔
کام کے محاذ پر
اپنی شاندار اداکاری اور خوبصورت رقص کے لیے مشہور جیا پردا نے ساؤتھ انڈین سنیما اور بالی وڈ انڈسٹری، دونوں پر نمایاں اثر ڈالا۔
80 اور 90 کی دہائی کے دوران انہوں نے کئی شاندار پرفارمنسز پیش کیں جس میں انہوں نے رقص کی غیرمعمولی صلاحیتوں کا خوب مظاہرہ کیا۔
اپنی پیشہ ورانہ کامیابی کے باوجود جیا پردا کی ذاتی زندگی تہلکہ خیز رہی، بالخصوص اپنی شادی سمیت دیگر تنازعات کے سبب وہ اکثر سرخیوں میں رہتی تھیں۔





