ماہیما نے حنا خان کو علاج کیلئے امریکہ جانے سے کیوں روکا؟
اداکارہ نے بڑا انکشاف کردیا
’اکشرا‘ کے کردار سے مشہور ہونے والی حنا خان چھاتی کے کینسر سے نبردآزما ہیں اور اس موذی مرض کو شکست دینے کے لیے مشکلات کا سامنا کررہی ہیں۔
کینسر کے خلاف اپنی جنگ میں انہیں ایک اہم چیلنج کا سامنا کرنا پڑا جب ستمبر 2024 کے آغاز میں حنا خان نے بتایا کہ انہیں میوکوسائٹس کی تشخیص ہوئی ہے۔
میوکوسائٹس کوعام طور پر منہ کے زخم کہا جاتا ہے، یہ کینسر کے مریضوں میں خاص طور پر کیموتھراپی جیسے مخصوص علاج سے گزرنے والی ایک اہم اور متواتر پیچیدگی ہے، اس بیماری میں مریض کے کھانے، پینے، بولنے اور نگلنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
صحت یاب ہونے کی راہ میں بہت سی رکاوٹوں کے باوجود حنا خان کے حوصلے اب بھی بلند ہیں، جم جانے سے لے کر سوشل میڈیا پر اپنی خوبصورت تصاویر شیئر کرنے تک حنا خان ایکٹیولی تمام سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں۔
بالی وڈ کی مقبول اداکارہ حنا خان کی طرح ماہیما چوہدری کو بھی 2021 میں چھاتی کا کینسر ہوا تھا، انہوں نے اپنا علاج ممبئی سے ہی کروایا تھا۔
ایک سال تک چھاتی کے کینسر سے جنگ جاری رکھنے کے بعد وہ اس سے صحت یاب ہو گئی ہیں اور اس وقت لوگوں کو اس بیماری سے آگاہی فراہم کرنے میں پیش پیش رہتی ہیں۔
ماہیما چوہدری نے 1997 میں سنیما گھروں کی زینت بننے والی فلم ’پردیس‘ سے بالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھا۔
ماہیما چہودری نے شاہ رخ خان کے مد مقابل خوب مقبولیت حاصل کی تھی، پھر یکے بعد دیگرے ماہیما کو فلمیں ملتی چلی گئیں جو انہیں سپر اسٹار بنا گئیں۔
ماہیما چوہدری کی مشوہر فلموں میں ’دھڑکن‘ ، ’دل کیا کرے‘ ، ’لجّا‘ ، ’دل ہے تمھارا‘ ، ’یہ تیرا گھر یہ میرا گھر‘ اور ’باغبان‘ شامل ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ماہیما چوہدری نے ٹیلی ویژن اداکارہ حنا خان اور کینسر کے ساتھ ان کی جنگ کے بارے میں بات کی۔
انٹرویو میں ماہیما چوہدری نے بتایا کہ بہت سے لوگ یہ بات نہیں جانتے لیکن وہ پہلی شخص تھیں جن سے حنا خان نے کینسر کی تشخیص کے بعد رابطہ کیا۔
ماہیما نے اعتراف کیا کہ رہنمائی کے لیے اتنے اہم وقت میں ان سے رابطہ کرنے کے حنا کے فیصلے سے وہ متاثر ہوئیں۔
جب ماہیما سے پوچھا گیا کہ انہوں نے حنا خان کو کیا مشورہ دیا؟
ماہیما نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے کینسر کے علاج کے لیے امریکہ جانے کا ارادہ کر رہی تھیں جس پر میں نے انہیں بتایا کہ ہمارے یہاں بھارت میں سب کچھ دستیاب ہے اور وہ یہاں اپنا علاج کرواسکتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ بھارت میں انتہائی ماہر ڈاکٹرز اور وہ تمام سہولیات اور ٹیکنالوجی ہیں جو امریکہ میں دستیاب ہیں۔
ماہیما نے مزید کہا کہ امریکہ میں بھی زیادہ تر ڈاکٹر بھارتی ہیں۔ اداکارہ نے حنا خان کو بتایا کہ اگر وہ بھارت میں علاج کروانے کا فیصلہ کرتی ہیں تو ان کے خاندان، دوست اور پیارے اس کی مدد کے لیے اس کے آس پاس ہوں گے، جو کہ کینسر سے صحت یاب ہونے کے لیے بہت اہم ہے۔






